مظفر آباد۔20اپریل (اے پی پی):ریاست بھر سمیت مظفرآبادڈویژن میں وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جسکے باعث گزشتہ 24گھنٹوں میں آزادکشمیر کے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث حادثات کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد اپنے جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے۔ مسلسل بارشوں سے ندی نالوں اور دریائے نیلم و جہلم میں طغیانی اور جگہ جگہ، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔
دارالحکومت سے ایبٹ آباد کو ملانے والی مرکزی شاہراہ لوہار گلی کے مقام سے بند جبکہ اٹھمقام سے شاردہ جانیوالی مرکزی شاہراہ دوسٹ کے مقام سے بند ہو گئی تاہم رات گئے محکمہ شاہرات نے اسے کھول دیا۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر نے بارشوں سے نقصانات کی تفصیل جاری کرتے ہوے بتایا کہ آزاد کشمیر میں لینڈسلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی و دیگر حادثات میں مجموعی طور پر 20 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، ایس ڈی ایم اے کیمطابق جاں بحق ہونے والوں میں 13 مرد 5 خواتین اور دو بچے شامل ہیں، حادثات میں 9 جاں بحق افراد کا تعلق مظفرآباد جبکہ 8 کا ضلع نیلم سے ہے،حادثات میں 34 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، مختلف حادثات میں 20 رہائشی گھروں کو مکمل جبکہ 79 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 3 دکانیں، لکڑی کے پل، ایک سکول کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 2 مویشی باڑے بھی تباہ ہوئے ہیں۔ ایس ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے اس لیے ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح مزید بلند ہوگی۔ شہری دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ بارشوں کے دوران شاہراوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بدستور موجود ہے۔
بارشوں کے دوران سیاح غیر ضروری سفر سے اجتناب برتیں۔دوسری جانب چوکی پولیس کوہالہ کے قریب پہاڑ سے ایک بھاری پتھر گرا ہے جسکی وجہ سے سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہو چکی ہے۔ بھاری پتھر کو بغیر بلاسٹنگ کے ہٹانا مشکل ہے۔ بلاسٹنگ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مظفرآباد اور راولپنڈی جانے والے افراد دھان گلی برسالہ بائی پاس روڈ کو استعمال کریں۔
اسی طرح جہلم ویلی کاٹ روڈ کو سبڑی کے مقام سے مٹی کے تودے ہٹا کر ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ دریائے جہلم، دریائے نیلم، دریائے کنہار اور دریائے ماہل میں بدستور سیلابی کیفیت برقرار ہے۔
وادی لیپہ میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد مکانات منہدم ہونیکی بھی اطلاعات ہیں۔وادی لیپہ کے علاقہ غائپورہ شرقی میں 9 مکانات اور ایک دکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنیکی اطلاعات ہیں۔وادی لیپہ کے متاثر ہ نو خاندان لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔وادی لیپہ کی کنٹرول لائن پر متعین مسلح افواج پاکستان بھی سول انتظامیہ کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔
لوہار گلی روڈ بوجہ شدید بارش/ لینڈ سلائیڈنگ بند ہے۔ سیاح حضرات کے پی کے سے آزاد کشمیر کی حدود میں داخل ہونے کے لیے متبادل روٹ شہید گلی روڈ استعمال کر سکتے ہیں۔ باغ گنگا چوٹی سدھن گلی، لس ڈنہ روڈ ہر طرح کی ٹریفک کے لیے کھلی ہوئی ہے تاہم وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔نیلم میں مطلع جزوی ابر آلود ہے، جبکہ روڈ کیرن تک ہر طرح کی ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔
نگدر اور کیرن کے درمیان سلائیڈنگ کی وجہ سے روڈ بند ہے، روڈ بحالی کا کام جاری ہے، جلد کلیئر کر دی جائے گی۔کیل شیخ بیلہ سے روڈ بدستور بند ہے، بحالی کا کام بھی جاری ہے لیکن وقفے وقفے لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے۔راولاکوٹ کی تمام شاہرات کلئیر ہیں بارش جاری ہے۔جہلم ویلی کے تمام روڈز کھلے ہیں۔