مظفرآباد۔4نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے ویژن کے مطابق وزیر وائلڈ لائف، فشریز اینڈ ترقیاتی ادارہ مظفر آباد سردار محمد جاوید ایوب ایڈووکیٹ کی زیر صدارت مظفر آباد شہر کی خوبصورتی میں اضافے اور اسے دارالحکومت کے شایان شان بنانے کے حوالہ سے اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر مظفر آباد ڈویژن سردار عدنان خورشید، چیئرمین ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد شفیق الرحمان ڈار، میئر میونسپل کارپوریشن سکندر نثار گیلانی، ڈپٹی کمشنر مدثر فاروق کے علاوہ انتظامیہ، پولیس و دیگر متعلقہ محکمہ جات کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مظفر آباد شہر کی تزین وآرائش کے حوالہ سے پہلے مرحلہ میں 7 نومبر بروز جمعرات نیٹ اینڈ کلین مہم کا آغاز میونسپل کارپوریشن مظفر آباد کے دفتر سے 11:00 بجے صبح کیا جائے گا۔ اس صفائی مہم کا افتتاح وزیر وائلڈ لائف، فشریز اینڈ ترقیاتی ادارہ مظفر آباد سردار جاوید ایوب خود کریں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام محکمہ جات اس میں بھر پور حصہ لیں گے اور شہریوں کی بھی اس مہم کے حوالہ سے آگاہی فراہم کرتے ہوئے انہیں بھی مہم کا حصہ بنایا جائیگا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر حکومت سردار محمد جاوید ایوب نے کہا کہ مظفرآباد دارالحکومت ہونے کے ناتے سب کا شہر ہے۔
اس شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے لیے مناسب تزئین وآرائش کی جائیگی۔ وزیراعظم آزادکشمیر اسکی خوبصورتی میں اضافے اور اسے ایک ماڈل شہر بنانے کے خواہاں ہیں۔ یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم سماجی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے شہر کو صاف ستھرا بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس صفائی مہم کا مقصد تمام مکتبہ فکر کے افراد کی اس میں شمولیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو آگاہی فراہم کرنا بھی ہے۔
جب تک ہم مل کر کام نہیں کریں گے اسوقت تک مطلوبہ اہداف کا حصول ممکن نہیں۔ اس لیے تمام محکمہ جات اسکو اپنا فرض سمجھ کر نبھائیں اور اس مہم کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ تجاوزات کے خاتمہ کو یقینی بنائے اور تجاوزات کے خلاف بلاتخصیص کاروائی کی جائے۔ اس سلسلہ میں پولیس اور دیگر محکمہ جات بھی اپنا کردار ادا کریں تاکہ شہر سے تجاوزات کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔