معاشرے میں تعلیم و شعور سے امن کو فروغ ملتا ہے، نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت سے ہی ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے، گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

125

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ معاشرے میں تعلیم و شعور سے امن کو فروغ ملتا ہے، نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت سے ہی ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے، ملکی سرکاری و نجی تعلیمی ادارے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کیساتھ انکی کردار ساز ی پر بھی خصوصی توجہ دیں، والدین اور اساتذہ کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کے نوجوانوں کو امن، معاشرتی آداب، صبر و تحمل سے آگے بڑھنے کا درس دیں تاکہ ایک خوشحال معاشرہ کی تکمیل کیساتھ ملک کو ترقی یافتہ بنایا جاسکے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیرکو راولپنڈی میں پنجاب کالج ڈی 9 کیمپس میں انٹرمیڈیٹ طالبات کے ویلکم ایونٹ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈائریکٹرپنجاب کالجز چوہدری اکرم، پرنسپل پنجاب کالج، اساتذہ، طالبات کی بڑی تعدادتقریب میں شریک تھیں۔ڈائریکٹرپنجاب گروپ آف کالجز چوہدری اکرام نے گورنر خیبرپختونخوا کا خیرمقدم کیا اور کالج کادورہ اور طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اور شیلڈ پیش کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ کسی بھی معاشرے کو اگر مثالی بنانا ہو تو اس کی صرف تعلیم و تربیت پر توجہ دیں معاشرہ خود بخود ہی مثالی بن جائے گا۔تعلیم حاصل کرنے کا مطلب صرف ڈگری لینا نہیں بلکہ اسکے ساتھ اصلاح معاشرہ، تعمیر اور تہذیب سیکھنا بھی شامل ہے تاکہ طلبہ اپنی دینی، معاشرتی روایات اور اقتدار کا خیال رکھ سکیں۔

گورنرنے کہاکہ گزشتہ 4 دہائیوں سے پنجاب گروپ آف کالجز ملک بھر میں معیاری تعلیم و تربیت کی فراہمی میں مصروف عمل ہے اور اس ادارہ کی تعلیمی خدمات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انٹر میڈیٹ آپ کے تعلیمی سفر کا سب سے اہم حصہ ہے اس کی کارکردگی آپ کے اگلے سفر کا تعین کرتی ہے۔ اگر یہاں آپ بہترین تعلیمی کارکردگی دکھائیں گی تو اگلی تعلیمی منزل آپ کیلئے بہت آسان ہو جائے گی۔