معاشرے کو پروان چڑھانے میں ٹیچرز کی کلیدی حیثیت ہوتی ہے، محسن نقوی

145
محسن نقوی

لاہور۔5اکتوبر (اے پی پی): نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے جمعرات کے روز اپنے بیان میں کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کو پروان چڑھانے میں ٹیچرز کی کلیدی حیثیت ہوتی ہے۔نبی کریم حضرت محمد ﷺپوری دنیا کے سب سے بڑے اور بہترین معلم ہیں۔

آپ نے علم کے نور سے جہالت کے اندھیرے ختم کئے۔اساتذہ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ استاد اپنے شاگردوں میں لاعلمی کے اندھیروں کو مٹا کر علم کا نور بانٹتا ہے۔اساتذہ قوم کے محسن اور ہمارا افتخار ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے جس مقام پر میں ہوں، اس میں میرے اساتذہ کی تربیت اور محنت شامل ہے۔

وزیر اعلی بننے کے بعد اپنی مادر علمی کریسنٹ ماڈل سکول کا دورہ کیا اور اپنے اساتذہ سے ملاقات کی۔اساتذہ سے ملاقات کی خوشگوار یادیں کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ بہترین مستقبل کے فروغ کیلئے اساتذہ کی انتھک محنتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ طالب علم کی شخصیت سازی میں والدین اور استاد کے کردار کو برابر کا درجہ حاصل ہے۔

تعلیم دینا محض ا ستاد کا پیشہ ہی نہیں بلکہ قومی،اخلاقی اور سماجی ذمہ داری بھی ہے۔ ترقی یافتہ دور میں وہی قومیں کامیاب ہیں جنہیں تعلیم کی معیاری سہولتیں میسرہیں۔ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ استاد کی عزت و تکریم اور احترام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔