معاشرے کی اصلاح اور بہتری کیلئے سوشل میڈیا کا صحیح استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، فرخ حبیب

135
معاشرے کی اصلاح اور بہتری کیلئے سوشل میڈیا کا صحیح استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، فرخ حبیب

لاہور۔5مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ معاشرے کی اصلاح اور بہتری کیلئے سوشل میڈیا کا صحیح استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے،

سوشل میڈیا ایک ایسا ہتھیار ہے جو جنگی ہتھیاروں سے بھی زیادہ خطرناک اور موثر ہے،سوشل میڈیا کے مثبت استعمال سے نوجوانوں کی زندگی میں غیر معمولی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے، حکومت سوشل میڈیا کو موثر انداز میں استعمال کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس ٹرسٹ کے زیر اہتمام ہفتہ کے روز میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر مملکت نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کا کردار غیر جانبدارانہ اور مصلحانہ ہونا چاہئے تاکہ ملک میں امن و امان کا قیام یقینی بنایا جا سکے۔

میڈیا کی سب سے بڑی ذمہ داری معاشرے کی اصلاح اور معاشرتی اور انسانی اقدار کا تحفظ ہے۔ ابلاغ و ترسیل اگر سچ پر مبنی ہو گی تو معاشرے میں اچھی اقدار کو فروغ اور استحکام ملے گااور معاشرہ ایک مثبت سمت میں آگے بڑھے گا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ ہماری 80 ہزار سے زائد جانیں قربان ہوئیں، 150 ارب ڈالر کا نقصان ہواپاکستان کی امن کی کاوشوں کو صحیح انداز میں پیش نہ کیا جا سکا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی افواج کے افغانستان سے انخلاء کے وقت یہی سمجھا جاتا رہا کہ سارا قصور پاکستان کا ہے لیکن پی ٹی آئی کی حکومت نے افغانستان میں امن عمل کو موثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنے پردنیا ہماری معترف ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ”پیکا” قانون متعارف کروا دیا ہےجس کے تحت 94 ہزار درخواستیں سائبر کرائم کے حوالے سے ایف آئی اے کو موصول ہوئی ہیں۔

اس قانون کے تحت کسی کو بھی آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی کی پگڑی اچھالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ حکومت سائبر کرائم کے خاتمے کیلئے تمام اقدامات اٹھا رہی ہےقانون کی عملدراری کو یقینی بنانا ہو گا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح اور بہتری کیلئے سوشل میڈیا کا صحیح استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سوشل میڈیا ایک ایسا ہتھیار ہے جو جنگی ہتھیاروں سے بھی زیادہ خطرناک اور موثر ہے۔

سوشل میڈیا کے مثبت استعمال سے نوجوانوں کی زندگی میں غیر معمولی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔ حکومت سوشل میڈیا کو موثر انداز میں استعمال کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔