معاشی بد حالی کا ذمہ دار عمران خان ہے ،ملک میں ڈیفالٹ کا دور دور تک کوئی خطرہ نہیں ،وفاقی وزیر تعلیم

145
معاشی بد حالی کا ذمہ دار عمران خان ہے ،ملک میں ڈیفالٹ کا دور دور تک کوئی خطرہ نہیں ،وفاقی وزیر تعلیم

لاہور۔15اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ معاشی بد حالی کا ذمہ دار عمران خان ہے ،ملک میں ڈیفالٹ کا دور دور تک کوئی خطرہ نہیں ،مشکل حالات میں آٹے کی تقسیم تاریخی اقدام ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو 6رویہ امامیہ کالونی ریلوے کراسنگ فلائی اوور اور ملٹی لیول شاہدرہ چوک فلائی اوور منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ امامیہ کالونی فلائی اوور منصوبہ کی 50سال سے ضرورت تھی ،جی ٹی روڈپر پشاور سے آنے والی ٹریفک کے بہائو کا بڑا مسئلہ ہوتا تھا ریلوے پھاٹک بند ہونے سے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ جاتی تھیں جس سے گھنٹوں ٹریفک جام رہتا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی اس مشکل کو دیکھتے ہوئے 2017میں محمد نواز شریف نے اس منصوبے کی منظوری دی تھی جس کا بعد میں اس وقت کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے افتتاح کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے برسر اقتدار آتے ہی اس حلقہ کی6ترقیاتی سکیمیں ختم کر دیں تھیں جسے اب وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ان منصوبوں کو دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیا ہے مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ ان سکیموںپر لاگت دگنی ہو گئی ہے اس کا حساب کون دے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے دور میں قومی خزانہ کو جتنا نقصان ہوا اس کو منظر عام پر لایا جائے تا کہ عوام کو پتا چل سکے کہ ان کے حقوق پر کس نے ڈاکہ ڈالا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سابقہ دور حکومت میں پنجاب مثالی صوبہ تھا اور شہباز شریف ترقی کا دوسرا نام تھا۔انہوں نے کہاکہ دوسرے علاقوں سے آنے والے لوگ لاہور کی ترقی پر ششدررہ جاتے تھے ،ہر طرف خوشحالی کادور دورا تھالیکن عمران خان نے حکومت میں آتے ہی (ن) لیگ کے ترقیاتی منصوبوں کو ختم کردیا ۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان کے دور میں دوست ممالک دور ہو گئے تھے ،اب ہماری حکومت میں وہ پاکستان کی بڑھ چڑھ کر مدد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اب مشکل حالات سے نکل چکا ہے اور ملک کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خطرہ نہیں اورمعاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں ،2017والا خوشحال پاکستان دوبارہ اس قوم کو جلد ملے گا۔اس موقع پر انہوں نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اپنے حلقہ میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوٹ عبدالمالک میں کالج کی تعمیراور شرق پور روڈ پر فلائی اوور کی تعمیر کا درینہ مطالبہ پورا کیا جائے ۔اس موقع پروفاقی وزیر تعلیم نے میٹرو بس منصوبے کو کالا شاہ کاکو تک توسیع دینے پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔