اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ معاشی نمو، ترقی اور پائیداری کے لئے خواتین کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا اور انہیں بااختیار بنانا انتہائی ضروری ہے۔ پیر کو یہاں چن ون انٹیریئرز کے زیراہتمام سمر انٹرن شپ پروگرام 2025 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں مساوی مواقع مہیا کرنے کے بہت زیادہ مثبت نتائج برآمد ہوتے ہیں جس سے نہ صرف خواتین بلکہ معاشرے اور مجموعی معیشت کو بھی بہت فائدہ پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی مواقع تک رسائی دی جائے تو وہ لیبر فورس، جدت طرازی اور انٹرپرینیورشپ میں اپنا کردار ادا کر کے ملک کی مجموعی پیداوار اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں موثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ کام کی جگہ پر خواتین کو بااختیار اور صنفی تنوع کو بہتر بنا کر زیادہ جامع اور تخلیقی ماحول کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ جی ایم انٹیریئرز چن ون ماریہ توقیر نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنا کر کم استعمال شدہ ٹیلنٹ پول کو بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔
خواتین میں ہنر مندی کو فروغ دینے والے پروگرام ان کی صلاحیتوں اور مہارتوں کو مزید نکھار سکتے ہیں جس سے وہ زیادہ ہنر مند اور قابل افرادی قوت کے طور پر معاشی ترقی میں حصہ ڈال سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنا کر معاشرے، خاندانوں اور برادریوں کو غربت سے نکالا جا سکتا ہے۔