اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صنعت کے ایڈیشنل سیکریٹریز اور سمیڈا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نادیہ سیٹھ بھی شریک تھیں۔ملاقات میں چمن چیمبر اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کو درپیش مسائل، تجارتی امکانات اور صنعتی ترقی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ چمن …
معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ملاقات
اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صنعت کے ایڈیشنل سیکریٹریز اور سمیڈا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نادیہ سیٹھ بھی شریک تھیں۔ملاقات میں چمن چیمبر اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کو درپیش مسائل، تجارتی امکانات اور صنعتی ترقی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
چمن چیمبر نے اس امر پر زور دیا کہ ایک ملین سے زائد آبادی، تجارت، ٹرانسپورٹ اور سرحد پار کاروبار کے باعث چمن ایک اہم ایس ایم ای حب بن چکا ہے۔چمن چیمبر نے مطالبہ کیا کہ وفاقی صنعتی اسکیموں اور سپورٹ پروگرامز میں چمن انڈسٹریل زون کو شامل کیا جائے، صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ووکیشنل و ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر قائم کیا جائے، حکومت کے تعاون سے کامن فسیلٹی سینٹر بنایا جائے، ایکسپورٹ فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کیا جائے اور ایگرو پروسیسنگ و کولڈ چین انڈسٹریز کے فروغ کے لیے خصوصی تعاون فراہم کیا جائے۔
اس موقع پر ہارون اختر خان نے چمن چیمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کے ایس ایم ایز کے فروغ کے وژن سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ ملک کے ہر ایس ایم ای کو سہولت اور ترقی دی جائے۔ انہوں نے سرحد پار تجارت میں چمن چیمبر کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ چمن چیمبر کو تمام ترقیاتی پروگرامز اور متعلقہ کمیٹیوں میں شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سمیڈا اور پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹیکنیکل سسٹنس سینٹر کے تعاون سے چمن میں ٹیکنیکل و ووکیشنل ٹریننگ سینٹر قائم کیا جائے گا، جبکہ چمن بارڈر پر کامن فسیلٹی سینٹر کا قیام ایس ایم ایز کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت زرعی پروسیسنگ اور کولڈ چین منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور ان منصوبوں میں چمن کو بھی شامل کیا جائے گا۔ہارون اختر خان نے سمیڈا کو چمن چیمبر کی مؤثر سہولت کاری اور عملی نتائج یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے چمن چیمبر کو ایس ایم ایز کے لیے مکمل حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔









