معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ حکومت انتخابی اصلاحات کے ایجنڈے کیلئے پر عزم ہے اور انتخابی عمل کو مزید شفاف بنانے کیلئے ہر اقدام کی حمایت کرے گی، وزیراعظم عمران خان کی حکومت پاکستان کی تاریخ کی پہلی سیاسی حکومت ہے جو آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات پر یقین رکھتی ہے، ہمیں بیرون ممالک …

اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ حکومت انتخابی اصلاحات کے ایجنڈے کیلئے پر عزم ہے اور انتخابی عمل کو مزید شفاف بنانے کیلئے ہر اقدام کی حمایت کرے گی، وزیراعظم عمران خان کی حکومت پاکستان کی تاریخ کی پہلی سیاسی حکومت ہے جو آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات پر یقین رکھتی ہے، ہمیں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو بھی ووٹ کاسٹ کرنے کا حق دے کر ان کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دینا چاہیے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے قائدین کو پارلیمنٹ کی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں مزید سرگرم کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ تبدیلی منفی سیاست کرنے سے نہیں بلکہ پارلیمنٹ کے ذریعے ہی آئے گی۔ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے آن لائن ووٹ کاسٹ کرنے کا نظام متعارف کرانے کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابی عمل کے طریقہ کار میں شفافیت اور شکوک و شبہات دور کرنے کیلئے انتخابات میں بائیومیٹرک سسٹم کا استعمال ضروری ہے۔ معاون خصوصی برائے احتساب نے کہا کہ حکومت اتفاق رائے سے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے تجاویز پر عمل درآمد کرنا چاہتی ہے، اپوزیشن جماعتیں 2018ءانتخابات کے حوالے سے بے بنیاد الزامات نہ لگائیں بلکہ دھاندلی ثابت کر کے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ پہلے ہی انتخابی اور آئینی ترامیم کے بلز کی منظوری دے چکی ہے جو اب پارلیمنٹ سے حتمی منظوری کیلئے التوا کا شکار ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں میڈیا پر صرف اور صرف این آر او لینے کیلئے شورشرابا کر رہی ہیں تاکہ بدعنوانی کیسز سے جان چھوڑا سکیں، اس کے علاوہ ان کے پاس عوام کیلئے کوئی ایجنڈا نہیں ہے تاہم وزیراعظم عمران خان لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کو رعایت دیں گے اور نہ ہی احتساب کے معاملے پر ان کے ساتھ سمجھوتہ کریں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے بارے تبصرہ کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے احتساب نے کہا کہ یہ سزا یافتہ مجرموں کے اکٹھے ہونے کا فورم ہے اس کے علاوہ اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے، بدعنوان ٹولے نے اپنے بدعنوانی کیسز سے توجہ ہٹانے کیلئے یہ سارا ڈرامہ رچایا ہوا ہے، حکومت کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

مزید خبریں