معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ کا ہنزہ التت کا دورہ، عوامی مسائل کے حل کی یقین دہانی

68

استور ۔22 جنوری (اے پی پی):معاون خصوصی برائے اطلاعات، ایمان شاہ نے ہنزہ الیت کا خصوصی دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ قائم مقام ڈپٹی کمشنر ہنزہ، ایکسیئن محکمہ برقیات، اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔ عوامِ التت نے ایمان شاہ کے اس دورے کو خوش آئند قرار دیا اور ان کے اقدام کو بھرپور سراہا۔اس موقع پر التت کے عوام نے اپنی دیرینہ مشکلات اور مسائل جن میں خاص طور پر بجلی کی لوڈشیڈنگ شامل ہے، معاون خصوصی کے سامنے پیش کیے،جس پر انہوں نے عوام کے مسائل غور سے سنے اور یقین دلایا کہ التت کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے عوام کو خوشخبری دی کہ حکومت جلد ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے موثر اقدامات کرے گی۔ ایمان شاہ نے کہا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے تاکہ علاقے کے دیرینہ مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔عوامِ التت نے معاون خصوصی برائے اطلاعات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے اس دورے سے علاقے کے مسائل کے حل میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ عوام کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی حکومتی نمائندے نے ان کے علاقے کا دورہ کر کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔

عوام التت نے مذید کہا کہ یہ دورہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کی عکاسی کرتا ہے اور امید کی جاتی ہے کہ ہنزہ التت کے عوام جلد ہی ان کوششوں کے ثمرات سے مستفید ہوں گے۔