معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں تقریب سے خطاب

118

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار سے ہی خوشحال ، ترقی یافتہ اور مستحکم پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے، پاکستان کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، انفارمیشن سروسز اکیڈمی پروفیشنلز اور نئے شامل ہونے والوںکی استعداد کار میں اضافہ اوران کی پیشہ وارانہ تربیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو انفارمیشن سروسز اکیڈمی کے زیر اہتمام خیبر پختونخوا انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کا پہلا پیشہ ورانہ مینجمنٹ کورس مکمل کرنے والے افسران میں اسناد کی تقسیم اور 36 ویں سپیشلائز ٹریننگ پروگرام کے پروبیشنری افسران کے خیر مقدم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تقریب میں صحافت کے شعبہ کے ان دمکتے ستاروں کو دیکھ کر خوشی ہوئی جو اپنی ذات میں ایک ادارے کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن افسران میری ٹیم کا حصہ ہیں ٹیم اچھی ہو تو ٹیم کا سربراہ اچھا کھیلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کمیونیکیشن کا خلاء ہے جسے پر کرنے کی ضرورت ہے ، ضلعی سطح پر نمائندگان کودرست معلومات نہ پہنچنے سے غلط خبر پھیلنے کی گنجائش پیدا ہوتی ہے جس سے مسائل جنم لیتے ہیں۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ میڈیا کا کردار زیادہ بہتر اور ذمہ دارانہ بنانے کی ضرورت ہے جس کے لئے ہم نے مصدقہ اطلاعات کو پھیلانا ہے تاکہ ملک کا اصل تشخص دنیا کو دکھایا جا سکے اور ملک اور قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا جدید ٹیکنالوجی پر مبنی صنعت کا درجہ اختیار کر چکا ہے اس لئے عالمی معیار کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل اور پالیسیز کو ناظر تک پہنچانے میں میڈیا کاکردار اہمیت رکھتا ہے۔ میڈیا حکومت کو درپیش مسائل پر قابو پانے کیلئے بھی رہنمائی کر سکتا ہے ۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملکی استحکام کو برقرار رکھنا اور انتشار سے بچانا میڈیا کی ذمہ داری ہے، جب میڈیا کے ذریعے منفی تاثر پھیلتا ہے تو اس کا باہر اچھا اثر نہیں پڑتا، تارکین وطن اپنی جن نسلوں کو وطن کی خدمت کے لئے تیار کر رہے ہیں وہ پاکستان سے متعلق منفی خبریں سن کر پریشان اور مایوس ہوتے ہیں ، ہمیں امید پیدا کرنی ہے اورذمہ دارانہ کردار سے ہی خوشحال ، ترقی یافتہ اور مستحکم پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں نے ماضی میں بھی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں فرق ختم کرنے کی کوشش کی اور اب میڈیا کے شعبے میں ڈیجیٹل چیلنجز سے بھی نمٹنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو وزارت اطلاعات کے تحت ایک بااثر ادارہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ففتھ جنریشن ہائبرڈ وار کے لئے سرکاری اور نجی ذرائع ابلاغ کے شعبون کو مل کر کام کرنا ہو گا او وزارت اطلاعات و نشریات نے اس ضمن میں ایک حکمت عملی اختیار کی ہے تا کہ اس چیلنج سے نمٹا جا سکے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا ہمارے لئے اصل چیلنج ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے میڈیا یونیورسٹی کے قیام میں تعاون کی پیش کش کی ہے۔ جاپانی سفیر نے بھی ملاقات کے دوران بھی ڈیجٹلائزیشن کے شعبہ تعاون کی پیش کش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پیمرا کو سیاسی مداخلت سے پاک ادارہ بنا رہے ہیں۔قبل ازیں سیکرٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل اور انفارمیشن سروسز اکیڈمی کی ڈائریکٹر جنرل ثمینہ وقار نے بھی خطاب کیا اور تربیتی کورس مکمل کرنے والے افسران اور پروبیشنری افسران کا خیر مقدم کیا اور شرکاء کو تربیتی کورس کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔