معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

59
جاوید لطیف نے پاکستان توڑنے کی بات خود نہیں کی، لندن میں مفروری کاٹنے والا اور جعلی راجکماری سمیت پوری ن لیگ جاوید لطیف کے پیچھے کھڑی ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
جاوید لطیف نے پاکستان توڑنے کی بات خود نہیں کی، لندن میں مفروری کاٹنے والا اور جعلی راجکماری سمیت پوری ن لیگ جاوید لطیف کے پیچھے کھڑی ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام نے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے بدعنوان قائدین سے مایوس ہو کر وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، بلاول بھٹو کا سیاسی ناپختگی کے تحت میڈیا کی شہ سرخی بننے کیلئے واویلا اب کسی کام کا نہیں، انہیں اگلے انتخابات کا انتظار کرنا ہو گا، محلوں میں بیٹھ کر غریب کی بات کرنا سنگین مذاق ہے، بلاول بھٹو فائیو سٹار قلعہ کے حصار سے باہر نکلیں اور عوام کو یقین دلائیں کہ وہ ان میں سے ہیں اور سندھ کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کیلئے کام کریں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نواز شریف کو ہر صورت واپس لائے گی، اس حوالہ سے حکومت نے اپنی آئینی و قانونی ذمہ داری پوری کی ہے، امید ہے کہ رواں ہفتے برطانوی حکومت کی طرف سے جواب آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اقتدار کا درد ہے اور اس کی دوا پاکستان میں موجود ہے اس لئے انہیں واپس آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت بدعنوانی کے کیسز سے جان چھڑانے کیلئے لندن میں قیام پذیر ہے ۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ بلاول بھٹو کو غریب کا کیا احساس ہے، وہ صرف سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے حکومت کے خلاف بیانات دیتے ہیں، اگر وہ واقعی میں کچھ کرنا چاہتے ہیں تو انہیں چاہیے کہ وہ سندھ کے اندر بہتر ی لائیں اور لوگوں کو بنیادی حقوق دلانے کیلئے کام کریں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی ترجیح ہے، خواتین کو خودمختار اور بااختیار بنائے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں، حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے مسائل حل کرنے کیلئے پر عزم ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے ترقی کی انہوں نے خواتین کو بااختیار بنایا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بھی خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خواتین مارچ پر اختلاف نہیں تاہم اس کے سلوگنز پر تشویش ہے، ہم چاہتے ہیں کہ خواتین آگے بڑھیں تاہم حکومت انہیں ایسے کسی بھی اقدام کی اجازت نہیں دے گی جس کی ہمارے معاشرے اور دین میں گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے حقوق کی نشاندہی کرنے کا حق حاصل ہے۔