عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس پرکنٹرول کے لئے جرات مندانہ اقدام پر اطالوی حکومت کو خراج تحسین

جنیوا ۔ 9 مارچ (اے پی پی) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے 15 ملین افراد کو ایک ماہ تک اپنے علاقوں تک محدود کرنے کے اطالوی حکومت کے اقدام کو قابل تحسین قرار دے دیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادراے کے مطابق اٹلی کے وزیراعظم گوئیسیپ کونٹے نے گزشتہ روز فیصلہ کیا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے دارالحکومت میلان، اور وینس سمیت شمالی اٹلی کے تمام علاقوں میں داخلے یا باہر جانے پر ایک ماہ تک پابندی عائد کر دی گئی جس پر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے اپنے ایک ٹویٹ میں اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اٹلی کی حکومت اور عوام اپنے ملک کو کورونا وائرس سے بچانے اور اس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے جرات مندانہ اور دلیرانہ اقدامات کر کے اصل قربانیاں دے رہے ہیں لہذا عالمی ادارہ صحت اٹلی کی حمایت میں اس کے ساتھ کھڑا ہے۔