گلیات بکوٹ پریس کلب اور کیپٹل ڈائیگنوسٹک سینٹر کے مابین طبی سہولیات فراہمی کا معاہدہ طے

گلیات بکوٹ پریس کلب اور کیپٹل ڈائیگنوسٹک سینٹر کے مابین طبی سہولیات فراہمی کا معاہدہ طے

راولپنڈی ۔28اگست (اے پی پی):گلیات بکوٹ پریس کلب اور معروف لبارٹری کیپٹل ڈائیگنوسٹک سینٹر( سی ڈی سی)کے درمیان ممبران کیلئے ہر قسم کے ٹیسٹوں اور طبی سہولیات فراہمی کا معاہدہ طے پا گیا ۔معاہدے کی تقریب کیپٹل ڈائیگنوسٹک سینٹر کی مارکیٹنگ ہیڈ میڈم روبینہ اکبر کی زیر صدارت شاہ خالد برانچ پرانا ائیرپورٹ روڈ راولپنڈی میں منعقد ہو ئی۔گلیات پریس کلب کے بانی اور اے پی پی ورکرز اتحادکے جنرل سیکرٹری خالد اقبال ربانی، سرپرست اعلیٰ گلیات بکوٹ پریس کلب سردار عبد الوحید ہزاروی،صدر سردار سعید اور فنانس سیکرٹری عابد اقبال نے سینٹر کا دورہ کیا اور تقریب میں شرکت کی ۔

باہمی معاہدے کی دستاویزا ت(ا یم او یو )پر گلیات بکوٹ پر یس کلب کے صدر سردار سعید اور مارکیٹنگ ہیڈ کیپٹل ڈائیگنوسٹک سینٹر میڈ م روبینہ اکبر نے دستخط کئے۔معاہدے کے تحت گلیات بکوٹ پریس کلب کے ممبران اور ان کی فیملی کیلئے تمام بنیادی و پیچیدہ ٹیسٹوںاور طبی سہولیات میں30فیصد تک رعایت دی گئی ہے جبکہ گلیات اور سرکل بکوٹ کے عوام کو طبی سہولیات فراہمی کیلئے مختلف اوقات کار میں میڈیکل کیمپ لگا نے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کیپٹل ڈائیگنوسٹک سینٹرہیڈ آفس کے فرحان ریاض نے کیپٹل ڈائیگنوسٹک سینٹر کی پاکستان بھر میں طبی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی ۔

گلیات پریس کلب پریس کلب کے وفد کو لبارٹری کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا گیا ۔ کیپٹل ڈائیگنوسٹک سینٹر کی مارکیٹنگ ہیڈ میڈم روبینہ اکبر نے اس موقع پر کہا کہ کیپٹل ڈائیگنوسٹک سینٹر کے چیئر مین و بانی سعید اللہ مروت کی قیادت میں سی ڈی سی کا بنیادی مقصد عوام کو مناسب اور کم سے کم نرخوں پر معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر بہترین طبی خدمات فراہم کرنا ہے،مریضوں کے اعتماد کو برقرار رکھنا اور ان کی صحت کی فوری تشخیص ہماری اولین ترجیح ہے۔

کیپٹل ڈائیگنوسٹک سینٹرہیڈ آفس کے فرحان ریاض نے کہا کہ پاکستان کے مشہور اور قابل اعتماد تجربہ کار ڈاکٹرز سی ڈی سی کے پینل سے سروس فراہم کر رہے ہیں جن کی نگرانی میں سی ڈی سی لیبارٹری کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ ٹیسٹوں کے نتائج کی درستگی اور رفتار کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر گلیات بکوٹ پریس کلب کے وفد نے کیپٹل ڈائیگنوسٹک سینٹر کی جانب سے شہریوں کو طبی سہولیات فراہمی کے جدید و معیاری طریقہ کار کو سراہا ۔