بلوچستان پولیس بہترین خدمات انجام دے رہی ہے،ڈیجیٹل اپیلی کیشنز سے عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی،میر سرفراز بگٹی

بلوچستان پولیس بہترین خدمات انجام دے رہی ہے،ڈیجیٹل اپیلی کیشنز سے عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی،میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ۔ 28 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے کہاہے کہ بلوچستان پولیس محدود وسائل اور مشکل حالات کے باوجود بہترین خدمات انجام دے رہی ہے، ان کی تنخواہوں کو دوسرے صوبوں کے برابر کرنے کےلئے اقدامات کررہے ہیں،اگر کسی شہری کی شکایت تھانے میں نہیں سنی جاتی تو وہ ان ڈیجیٹل ایپلی کیشنز کے ذریعے اپنی شکایت درج کراسکے گا جس سے مسائل کے فوری حل میں مدد ملے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعے کوسینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں بلوچستان پولیس ڈیجیٹل انیشی ایٹو کے تحت 16 نئی موبائل ایپلی کیشنز کے افتتاح کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو، آئی جی پولیس محمد طاہر رائے، افسران، اہلکاروں اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

پولیس حکام کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے پولیس خدمت موبائل سمیت 16 نئی ڈیجیٹل ایپلی کیشنز متعارف کرائی جا رہی ہیں،ان کی تیاری کے لیے دن رات محنت کی گئی ، ان سے بلوچستان کے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ وزیراعلی ٰ نے کہا کہ پولیس کی جانب سے متعارف کرائی گئی ایپلی کیشنز عوامی شکایات کے ازالے اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے اس اقدام پر بلوچستان پولیس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان سہولیات سے خواتین سمیت تمام شہری مستفید ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین مختلف شعبوں خصوصا سول سروسز میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں اور حکومت خواتین کی تعلیم و ترقی کے لیے سکالرشپ پروگراموں کے ذریعے دنیا کی مختلف جامعات میں تعلیم کے مواقع فراہم کر رہی ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہراسگی سمیت مختلف جرائم کے تدارک میں بھی مدد ملے گی۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان پولیس کا مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام دیگر صوبوں کی جانب سے بھی سراہا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہدا کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔صحافیوں سے گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے برابر لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، صوبے کے مسائل کے حل اور امن و امان کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہونے والے حملوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے رواں برس ایک ہزار سے زائد آپریشنز کیے گئے ، اگر دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہوا ہے تو سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں میں بھی اضافہ ہوا ۔انہوں نے واضح کیا کہ حملوں میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کار کسی رعایت کے مستحق نہیں ، نوجوانوں کو گمراہ کرنے والوں کے مقابلے میں حکومت میرٹ کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق حالیہ سرکاری بھرتیوں میں ان کے اپنے حلقے سے کوئی امیدوار منتخب نہیں ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھرتیاں مکمل طور پر میرٹ پر کی گئی ہیں۔