وزیراعظم شہباز شریف کا نیپالی ہم منصب کو ٹیلی فون، مشکل کی گھڑی میں ہرممکن تعاون اور امداد کی پیشکش

وزیراعظم شہباز شریف کا نیپالی ہم منصب کو ٹیلی فون، مشکل کی گھڑی میں ہرممکن تعاون اور امداد کی پیشکش

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے نیپال کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں ہرممکن تعاون اور امداد کی پیشکش کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نیپال کے وزیراعظم بالندر شاہ کو ٹیلی فون کیا۔

وزیراعظم نے نیپال میں حالیہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے نیپال کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں ہرممکن تعاون اور امداد کی پیشکش کی۔

وزیر اعظم نے اپنے نیپالی ہم منصب کو بتایا کہ پاکستان امدادی سرگرمیوں میں معاونت کے لیے نیپال کو ہنگامی امدادی سامان بھیج رہا ہے۔ نیپال کے وزیراعظم بالندر شاہ نے ٹیلی فون کرنے اور قدرتی آفت کے بعد پاکستان کی جانب سے یکجہتی اور حمایت کے اظہار پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے امداد کی فراخدلانہ پیشکش پر بھی اظہار تشکر کیا۔

مزید خبریں