شازیہ مری کی ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ ہفتہ کو اپنے بیان میں شازیہ مری نے نومنتخب صدر اظہر عباس اور جنرل سیکرٹری طارق محمود کو مبارکباد دی۔ انہوں نے محمد عثمان اور میاں طاہر کو نائب صدور، ریحان احمد اور ندیم جمال کو جوائنٹ سیکرٹریز جبکہ شہاب محمود کو سیکرٹری فنانس منتخب ہونے پر بھی مبارکباد پیش کی۔

انہوں نےایگزیکٹو ممبرز منتخب ہونے پر زاہد مظہر، معصوم رضوی، محسن رضا، مبارک علی، کامران لاشاری، ہمایوں سلیم، محمد نوشاد، خواجہ حسنین اور رزاق سروہی کو مبارکباد دی اور نومنتخب کابینہ کے دیگر تمام اراکین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔شازیہ مری نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار میڈیا جمہوریت کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے جبکہ صحافت کا بنیادی مقصد عوام کی آواز کو مؤثر انداز میں ایوانِ اقتدار تک پہنچانا ہے۔ آزادیٔ صحافت اور آزادیٔ اظہار جمہوری معاشرے کے بنیادی ستون ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت صحافتی اقدار کے فروغ اور تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں ضروری ہیں اور صحافیوں کے حقوق، تحفظ اور پیشہ ورانہ آزادی کے لیے آواز بلند کرتے رہنا ہوگا۔شازیہ مری نے کہا کہ آزاد صحافت عوام کو باخبر رکھنے اور جمہوری اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب قیادت صحافتی برادری کی فلاح و بہبود اور اسے درپیش چیلنجز کے حل پر توجہ دے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادیٔ اظہار اور ذمہ دار صحافت کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے۔

مزید خبریں