معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار کا سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان ڈویژن کے کمشنروں ساتھ الگ الگ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کے دوران اظہار خیال

اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے وزیر اعظم کی کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے تحت رجسٹرڈ رضاکاروں کی خدمات سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کے لئے سول انتظامیہ کے درمیان مختلف سطح پرروبط بڑھانے پر زوردیاہے۔ کورونا وباءکے دوران ان کا رضاکارانہ جذبہ اور کمیونٹی کی خدمت کیلئے ان کا جنون انتہائی قابل تعریف ہے۔انہوں نے ان …

اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے وزیر اعظم کی کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے تحت رجسٹرڈ رضاکاروں کی خدمات سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کے لئے سول انتظامیہ کے درمیان مختلف سطح پرروبط بڑھانے پر زوردیاہے۔ کورونا وباءکے دوران ان کا رضاکارانہ جذبہ اور کمیونٹی کی خدمت کیلئے ان کا جنون انتہائی قابل تعریف ہے۔انہوں نے ان خیالات کا ظہار بدھ کو کمشنر سرگودھا ڈویژن ڈاکٹر فرح مسعود، فیصل آباد ڈویژن عشرت علی اور کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق کے ساتھ الگ الگ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کے دوران کیا۔ ان ڈویژنوں میں پڑنے والے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے سی آر ٹی ایف کے رضا کاروں کو تفویض کردہ فرائض کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ ان اجلاسوں کے دوران بتایا گیا کہ ان ڈویژنوں کے تمام اضلاع میں اضلاع اور تحصیل کی سطح پر اسٹیئرنگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنرز نے آگاہ کیا کہ رضاکاروں کو اپنے اپنے اضلاع میں مختلف فرائض تفویض کرنے کے لئے بلایا گیا ہے۔ بتایا گیا کہ ان اضلاع میں رضاکاروں کی اکثریت ایس او پی کو یقینی بنانے کے لئے مساجد میں تعینات ہے، احساس کفالت پروگرام میں بے روزگار مزدوروں کی رجسٹریشن، قیمتوں کی جانچ پڑتال کے لئے مارکیٹوں کا دورہ کرنے، ذخیرہ اندوزی کی اطلاع دینے اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر روزمرہ کی ضروریات کی اشیاءکی دستیابی کی اطلاع دینے کے لئے فرائض تفویض کئے گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مناسب اورینٹیشن سیشن کے بعد رضاکاروں کو فرائض تفویض کیے جاتے ہیں۔ محمد عثمان ڈار نے کہاکہ ڈیوٹی کے لئے 185000 رضاکاروں کو طلب کیا گیا ان میں سے 45000 کو فرائض تفویض کیے گئے ہیں اور وہ ملک کے مختلف حصوں میں سول انتظامیہ کی مدد کے لئے مختلف فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے تحت رجسٹرڈ رضاکاروں کی خدمات کو بروئے کار لانے کے لئے دس لاکھ رجسٹرڈ رضاکاروں کی مرحلہ وار تعیناتی ہوگی۔