اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جائیدادوں کے تنازعات کے حل کے لیے فاسٹ ٹریک کورٹس کے قیام کے لیے وزارت قانون و انصاف نے مسودہ تیار کر لیا ۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار بخاری نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے سب سے زیادہ مسائل جائیدادوں سے متعلق ہیں جن کے حل کے لیے فاسٹ ٹریک کورٹس کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا اس حوالے سے وزارت اوورسیز اور وزارت قانون وانصاف نے متعدد میٹنگز میں اس حوالے سے مسودہ کو حتمی شکل دی ہے اور جلد ہی ان کورٹس کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سیکرٹری قانون سے ان کی ملاقات ہوئی ہے۔ زلفی بخاری نے مزید بتایا کہ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم سے ملاقات کے بعد فاسٹ ٹریک کورٹس کی سمری کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔