معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا ڈریپ کی نیشنل کنٹرول لیبارٹری کا دورہ

143
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا ڈریپ کی نیشنل کنٹرول لیبارٹری کا دورہ

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نےڈریپ کی نیشنل کنٹرول لیبارٹری کا دورہ کیا ۔انچارج نیشنل کنٹرول لیبارٹری نے ڈاکٹر فیصل سلطان کو لیب کی کارکردگی اور درپیش چیلنجز بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس لیبارٹری کا مقصد ویکسین اور دیگر ایسی تمام ادویات جو بیالوجیکل سورس سے بنتی ہیں ان کے معیار کو جانچنا ہے تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری ادویات میسر ہوں۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے لیب کے عملے کی بہترین کارکردگی کو سراہتے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے کہ آپ نے لیب کو مختصر عرصے میں فعال کیا ہے اور اسکی اپ گریڈیشن کا کام بھی جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کنٹرول لیبارٹری کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے پر عزم ہیں اور اسکی کارکردگی کو مزید بہتر بنا نے اور مکمل طور پر فعال کرنے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں ، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صحت کے شعبے میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے اور اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے مزید کہا کہ پچھلے دنوں میں نے کراچی میں سنٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کادورہ کیا ہے ، ڈریپ نے ایک مثالی اور سٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری قائم کی ہے ، ڈریپ میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی جارہی ہیں اورجب ادارے کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے تو عوام کا اعتماد بھی بڑھ جاتا ہے کہ ادویات کو ریگولیٹ کرنے والے ادارے عوام کی بہتری اور فلاح کے لیے بھر پور کرادار ادا کر رہے ہیں۔