اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):نگران وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل جواد سہراب ملک نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پہلے پروٹیکٹوریٹ آف امیگرینٹس آفس کا افتتاح کر دیا۔
یہاں جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پروٹیکٹوریٹ آف امیگرینٹس آفس کا قیام نہ صرف حکومت کے اس عزم کو اجاگر کرتا ہے کہ وہ بیرون ملک روزگار کی تلاش میں جانے والے اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائے بلکہ اسلام آباد کو بین الاقوامی تعاون کے لئے ایک مرکز کے طور پر بھی پیش کرے۔ آزاد جموں وکشمیر، باغ اور راولاکوٹ میں پروٹیکٹوریٹ آف امیگرینٹس دفاتر کے افتتاح کے بعد اسلام آباد پروٹیکٹوریٹ آفس کا افتتاح ملک بھر میں نقل مکانی کی خدمات کو بہتر بنانے کی حکومتی کوششوں کو مزید تقویت دے گا۔
یہ اقدام وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کے جاری مشن کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ پاکستانی ورکرز کے لئے بیرون ملک سفر کو آسان بنائے اور ہر مرحلے پر ان کے حقوق اور فلاح و بہبود کو ترجیح دے۔ معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے اسلام آباد پروٹیکٹوریٹ آفس کے قیام کی حکمت عملی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ایک ایسا شہر ہے جہاں بہت سی عالمی تنظیمیں بشمول لیبر اور ہجرت کی سہولیات فراہم کرنے کے ادارے اور غیر ملکی سفارت خانے موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پروٹیکٹوریٹ آفس کا قیام نہ صرف دارالحکومت کے لئے سنگ میل ہے بلکہ یہ عالمی سطح پر محفوظ اور قانونی ہجرت کی حمایت میں پاکستان کے عزم کا بھی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دفتر ایک ماڈل پروٹیکٹوریٹ کے طور پر کام کرے گا جو بین الاقوامی ہجرت کے معیارات کو برقرار رکھنے میں بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کرنے کی ہماری تیاری اور بہترین کارکردگی کے لئے ہمارے عزم کا اظہار ہے۔
واضح رہے کہ یہ اقدام حکومت کی ایک بڑی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد اندرون و بیرون ملک دونوں جگہوں پر پاکستانیوں کے لئے روزگار کو فروغ دینا اور ترسیلات زر کے ذریعے قومی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرنا ہے۔