اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک اسلم نے کہا ہے کہ ملک میں گرین بلڈنگ سٹرکچرز متعارف کرانے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں جو توانائی کی بچت کے ساتھ ساتھ موسم اور قدرتی ماحول کے حوالہ سے مثبت اثرات کے حامل ہوں گے۔ یہاں پاکستان میں گرین بلڈنگ کوڈ کی تیاری کے حوالہ سے ایک ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی گرین بلڈنگ کوڈ کی تیاری کے حوالہ سے مختلف شراکت داروں کے ساتھ مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے، اس کا مقصد ملک میں سرسبز عماراتی ڈھانچوں کی تعمیر سے متعلق سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے،ا س سے نہ صرف ماحول میں کاربن کی مقدار کو کم کرنے بلکہ تعمیراتی شعبہ سے ماحول کو پہنچنے والے نقصانات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
ملک امین اسلم نے کہا کہ اس حوالہ سے ماہرین کی آرا کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان میں گرین بلڈنگز کی حوصلہ افزائی سے ماحول دوست اور توانائی کی بچت پر مبنی طریقوں کو فروغ ملے گا، اسی طرح پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کی راہ بھی ہموار ہو گی۔ ورکشاپ کا اہتمام وزارت موسمیاتی تبدیلی ، یورپی یونین ، یو این انوائرمنٹ پروگرام اور یو این ہیبی ٹاٹ کے اشتراک سے کیا گیا۔
ورکشاپ میں ماہرین و مختلف شراکت داروں بشمول تعلیمی اداروں، انجینئرنگ، آرکیٹکچر اور ٹائون پلاننگ کے ریگولیٹری اداروں ، بلڈرز و ڈویلپرز اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔