معروف انٹرنیشنل ہسپتال میں سٹاف اور ان کے خاندانوں کیلئے رنگا رنگ تقریب کا اہتمام

235

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):معروف انٹرنیشنل ہسپتال میں سٹاف اور ان کے خاندانوں کے لیے ایک رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں کھانے سے لے کر ثقافتی اشیاء تک کے متنوع اسٹالز شامل تھے۔ تقریب میں مختلف اسٹالز پر تفریح، کھانے، کھیل اور مستی کی مختلف اقسام شامل تھیں جو شرکا کو مفت فراہم کی گئیں۔ معروف ہسپتال کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق بزنس ڈیولپمنٹ ٹیم نے روایتی چنا چاٹ اور دہی بھلے کے اسٹال لگائے، جو کم قیمت پر دستیاب تھے۔

میڈیکل اسٹاف افیئرز ڈیپارٹمنٹ نے تفریحی کھیل، جیتنے والوں کے لیے تحفے، مہندی اور کھانے کے اسٹالز پیش کیے۔ گائناکالوجی ڈیپارٹمنٹ نے چوڑیاں، کھسے، زیورات، بچوں کے لوازمات اور کھانے کی اشیاء کے اسٹال لگائے۔ ارلی انٹروینشن تھراپی یونٹ نے مزیدار گول گپے اور چاٹ پیش کی۔ اس کے علاوہ، ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ نے مختلف کھانے کی اشیاء کے اسٹال لگائے۔ نیو نیٹل انٹینسیو کیئر یونٹ نے تہوار کے ملبوسات کا اسٹال لگایا۔ ریسرچ ڈیپارٹمنٹ نے مہندی، عید کارڈز، چوڑیاں اور کھیلوں کے ساتھ رنگ برنگا اسٹال لگایا۔ جبکہ ایچ آر ڈیپارٹمنٹ نے گھر میں بنی ہوئی فینسی موم بتیوں کا اسٹال لگایا۔اسٹاف اور ان کے خاندانوں نے تقریب میں شرکت کی اور خوب لطف اندوز ہوئے۔ تقریب میں ہارون نصیر ، سی ای او معروف انٹرنیشنل ہسپتال اور ان کا خاندان بھی موجود تھا، جو شرکاء سے گھل مل گئے اور انہوں نے مختلف تقریبات میں حصہ لیا۔

اس موقع پر ہارون نصیر نے منتظمین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عید کو ایک ساتھ منانے سے نہ صرف ہمیں اس تہوار کا لطف اٹھانے کا موقع ملا بلکہ ہمارے پیشہ ورانہ تعلقات بھی مضبوط ہوئے اور ہسپتال میں کمیونٹی کا احساس بڑھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب اسٹاف کے لیے ایک خوبصورت موقع تھی کہ وہ تفریح کریں، آپس میں مل جل کر عید الاضحیٰ کی خوشیاں ایک ساتھ منائیں، جس سے ہسپتال کی کمیونٹی میں دوستی اور اتحاد کا جذبہ مزید مضبوط ہو گا۔