معروف نجی کمپنی سے بہترین کوالٹی کے ایک لاکھ سے زائد یونیفارم تیار کروائے گئے ہیں، ڈاکٹر عثمان انور

106
punjab Police

لاہور۔7نومبر (اے پی پی):پنجاب پولیس کے لیے نئے یونیفارم کی ڈلیوری کا ٹاسک وقت سے پہلے مکمل ہوگیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کی کاوش سے 30نومبر کی ڈیڈ لائن سے قبل ہی پنجاب پولیس کو یونیفارم موصول ہو گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ معروف نجی کمپنی سے بہترین کوالٹی کے ایک لاکھ 34ہزار یونیفارم تیار کروائے گئے ہیں۔ فورس کو موسم سرما کے لیے ایک لاکھ 34ہزار باڈی وارمرز بھی موصول ہو گئے ہیں۔ رواں سال پنجاب پولیس،ٹریفک پولیس اور پی ایچ پی کے لیے 16ہزار سے زائد جرسیاں بھی ڈلیور ہوگئی ہیں۔ فورس کیلئے ایک لاکھ 34ہزار ٹی شرٹس بھی موصول ہوگئی ہیں

جبکہ رواں سال پولیس ٹریننگ کالجز اور سکولز کے لیے بھی 8ہزار سے زائد پی ٹی شوز فراہم کیے گئے ہیں اسی طرح سی ٹی ڈی اور ایلیٹ فورس کے لیے 5ہزار 8سو سے زائد ٹریک سوٹ بروقت موصول ہوگئے ہیں۔ رواں سال ایس پی یو اور پنجاب ہائی وے پٹرول کے لیے 20ہزار سے زائد یونیفارم بروقت ڈلیور ہو گئے ہیں۔ فورس کیلئے بلٹ پروف ہیلمٹ و جیکٹس، شوز، ٹی شرٹس و دیگر یونیفارم آرٹیکلز کی پری کوالی فیکیشن کا عمل جاری ہے۔ اے آئی جی پنجاب پروکیورمنٹ نے کہاکہ موصول ہونے والے مزید یونیفارم متعلقہ یونٹس اور اہلکاروں کو جلد ہی فراہم کر دیئے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے متعلقہ افسران کو یونیفارم و دیگر سامان کا کوالٹی چیک یقینی بنانے کا حکم دیا تھا۔