فیصل آباد ۔ 23 دسمبر (اے پی پی) تمغہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس کی حامل فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ وگلو کارہ ملکہ ترنم نور جہاں کی18ویں برسی23 دسمبر بروز اتوارکوملک بھر میں منائی گئی۔ اس سلسلہ میں تمام نگار خانوں ، آرٹس کونسلز میںتعزیتی ریفرنسز منعقد کئے گئے جبکہ ان کے مداحوں و پرستاروں نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا۔ ملکہ ترنم نور جہاں 21 ستمبر 1926ء کو قصور میں پیدا ہوئیں۔ ان کا اصل نام اللہ وسائی اور نور جہاں ان کا فلمی نام تھا۔ انہوںنے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز 1935ء میں "پنڈ دی کڑی ” سے کیا ۔ قیام پاکستان کے بعدوہ اپنے شوہر شوکت حسین رضوی کے ہمراہ ممبئی سے کراچی شفٹ ہو گئیں۔ 1957ء میں انہیں شاندار پرفارمنس کے باعث صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز اور بعد ازاں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا ۔ 1965ء کی جنگ میں انہوں نے میرے ڈھول سپاہیا ، اے وطن کے سجیلے جوانوں ، ایہہ پتر ہٹاں تے نیئی وکدے ، او ماہی چھیل چھبیلا، یہ ہوائوں کے مسافر ، رنگ لائے گا شہیدوں کا لہو، میرا سوہنا شہر قصورنیں سمیت بے شمار ملی نغمے گا کر قوم اور فوج کے جوش و ولولہ میں اضافہ کیا۔