22.6 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںمعرکہ حق جیتا اب ہم معرکہ معیشت جیتنے کے لئے پرعزم ہیں،ایس...

معرکہ حق جیتا اب ہم معرکہ معیشت جیتنے کے لئے پرعزم ہیں،ایس ایم تنویر

- Advertisement -

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں ایک اعلیٰ سطحی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس سے پاکستان کی تاجر برادری کی سرکردہ شخصیات نے خطاب کیا جن میں سرپرست اعلیٰ یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)ایس ایم تنویر، صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ، صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ناصر منصور قریشی اور چیئرمین آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ طارق صادق شامل تھے ۔ تقریب کی نظامت چیئرمین کوآرڈینیشن ایف پی سی سی آئی ملک سہیل حسین نے کی اور اس میں ممتاز کاروباری رہنمائوں، آئی سی سی آئی کے سابق صدور اور ایف پی سی سی آئی کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔پریس کانفرنس کے دوران سرپرست اعلیٰ یو بی جی ایس ایم تنویر نے کہا کہ پاکستان اللہ کی ایک نعمت ہے اور ہم اقوام عالم میں اس کے عزت اور احترام کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ اس کی خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے شانہ بشانہ کام کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے ہر ڈویژن اور ضلع میں کم از کم 5 ارب ڈالر کی برآمدات کی صلاحیت ہے جسے اگر مؤثر طریقہ سے استعمال کیا جائے تو پاکستان کو اپنی برآمدات کو 200 ارب ڈالر تک بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔مسلح افواج بالخصوص پاک فضائیہ کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے پہلےمعرکہ حق جیتا ہے اور اب ہم معرکہ معیشت (معاشی جنگ) جیتنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ چین کے 19 ٹریلین ڈالر اور امریکہ کے 29 ٹریلین ڈالرکے مقابلے پاکستان کی جی ڈی پی صرف 412 بلین ڈالر ہے لہذا برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ایف پی سی سی آئی آئندہ دو ماہ کے اندر زرعی اصلاحات کے لئے چھ سالہ روڈ میپ پیش کرے گی۔ انہوں نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل پر بھی تشویش کا اظہار کیا انہوں نے صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے شرح سود کو سنگل ہندسوں تک کم کرنے پر زور دیا جو مثالی طور پر 6 فیصد تک ہونی چاہئے۔

- Advertisement -

انہوں نے 40 ارب ڈالر کے تجارتی خسارے، بے روزگاری، مہنگائی، تیزی سے آبادی میں اضافے اور غربت جیسے مسائل کا ذکر کیا اور کہا کہ صرف متحدہ اور سرشار کوششیں ہی ملک کو ان چیلنجز پر قابو پانے میں مدد دے سکتی ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے ایف پی سی سی آئی کے وژن 2030 کا خاکہ پیش کیا جس کا مقصد برآمدات کو 100 ارب ڈالر تک بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ (آر اینڈ ڈی) ڈیپارٹمنٹ نے ڈویژنوں اور اضلاع کو بااختیار بنانے کے لئے ایک روڈ میپ تیار کرتے ہوئے ضلعی اور شعبہ جاتی معیشتوں پر بڑے پیمانے پر کام کیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر ملک کے 38 ڈویژن ہوں اور ہر ایک کو 5 ارب ڈالر کا برآمدی ہدف دیا جائے تو 200 ارب ڈالر کی برآمدات کا حصول بالکل ممکن ہے۔عاطف اکرام شیخ نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ایف پی سی سی آئی کی تجاویز کو سنجیدگی سے لے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف پی سی سی آئی نے ہمیشہ قومی معاشی مقاصد کے لئے فرنٹ فٹ پر کردار ادا کیا ہے جو آئندہ بھی پوری لگن کے ساتھ جاری رہے گا۔قبل ازیں پریس کانفرنس سے خطاب میں آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے اصلاحات کی حمایت کے لئے کاروباری برادری کے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں