اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):کھوئی رٹہ آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والی معصوم بچی مقتولہ تسمیہ سہیل کے والدین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان کی بچی کےاندھے قتل پر جے آئی ٹی تشکیل دے کر تحقیقات کو نئے سرے سے مکمل کیا جائے اور معصوم بیٹی تسمیہ سہیل کے اندھے قتل کا سراغ لگاکرقاتلوں اور سہولت کاروں کی فوری گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے انہیں کیفرکردار تک پہنچا کر انصاف مہیا کیا جائے۔ بچی کے والد سہیل احمد نے یہ بات پیر کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اپنی اہلیہ اور وکیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہی۔
ورثاء نے کہا کہ 29 جولائی کو تسمیہ سہیل کو اغواء کیا گیا، مبینہ زیادتی کے بعد اسے بے دردی سے قتل کر کے لاش ویرانے میں پھینک دی گئی۔ انھوں نے کہا کہ واقعہ کو ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، مگر آج تک میڈیکل رپورٹ منظرِ عام پر آئی ہے، نہ ہی پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم کی گئی ہے۔ ورثاء نے حکومت سے اپیل کی کہ فوری طور پر ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی جائے اور مجرمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جا ئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عملی اقدامات اور شفاف انصاف چاہیے جو نہ صرف تسمیہ کے لیے انصاف کا باعث بنے، بلکہ دیگر معصوم بچوں کے تحفظ کے لیے بھی مثال قائم کرے۔