معیشت کو پٹڑی پر لانا سب سے بڑا چیلنج ، خسارہ کے شکار حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری، ادارہ جاتی اصلاحات ، اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری اور کفایت شعاری حکومتی ترجیحات ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

101
Prime Minister Shahbaz Sharif
Prime Minister Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کو پٹڑی پر لانا سب سے بڑا چیلنج ہے ، خسارہ کے شکار حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری، ادارہ جاتی اصلاحات ، اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری اور کفایت شعاری حکومتی ترجیحات ہیں،ایف بی آر کی سو فیصد ڈیجیٹائز یشن کے لئے بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ، امید ہے کہ ذرائع ابلاغ غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے ذریعے جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں شکیل مسعود ، میر ابراہیم ، میاں عامر محمود اور سلطان لاکھانی شامل تھے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔پی بی اے کے وفد نے منصب سنبھالنے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ایسے وقت میں اقتدار سنبھالا ہے جب ملک کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو پٹڑی پر لانا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ وزیراعظم نے وفد کو حکومت کی معاشی ترجیحات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ خسارہ کے شکار حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری، ادارہ جاتی اصلاحات ، اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری اور کفایت شعاری حکومتی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر اخراجات میں کمی کے لئے کمیٹی بنادی گئی ہے جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی جو کہ میں خود قوم کے سامنے رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی سو فیصد ڈیجیٹائز یشن کے لئے بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھے ٹیکس دہندگان ، برآمد کنندگان اور خواتین انٹرپرینیورز کی حکومتی سطح پر پذیرائی کی جائے گی۔ وزیراعظم نے میڈیا کی اہمیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہے، معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں الیکٹرانک میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی اظہارِ رائے اور میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا نمائندوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ذرائع ابلاغ غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے ذریعے جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز ایک بڑا چیلنج ہے جس کے روک تھام میں مین سٹریم میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کوششوں میں حکومت کا ساتھ دے۔