اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مغربی ممالک میں اسلامو فوبیہ کے بڑھتے ہوئے رحجان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے خطرہ کرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ اتحاد بین المسلمین امہ کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے ضروری ہے اور اسلامو فوبیہ کے تدارک کے لیے مسلمان ممالک کو ایک مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا۔ انہوں نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان خاکوں کی اشاعت سے اسلامی دنیا کے جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات مصر کے سفیر طارق محمد داروگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاوس میں اسپیکرسے ملاقات کی۔اسپیکر نے کہاکہ مصر اسلامی دنیا کا ایک اہم ملک ہے اور پاکستان مصر کے ساتھ اپنے قریبی برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں تعلقات مذہب اخوت، ثقافت اور تاریخ کے مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور پاکستان پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کے فروغ کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنا نے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان قریبی رابطوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دوطرفہ تعلقات کو وسعت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اسپیکر نے دونوں برادر اسلامی ممالک میں قریبی اقتصادی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان مصر کے ساتھ علاقائی ترقی کے لیے معاشی تعاون کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارتی حجم میں اضافے اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں دونوں اقوام کے بہترین مفاد کے لیے بروئے کار لایاجانا ضروری ہے۔ انہوں نے بین الامذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مذہبی اسکالرز کے مابین مکالمے کی ضرورت پرزور دیا۔ انہوں نے الازھر یونیورسٹی کے صدرڈاکٹر محمد حسین کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔مصر کے سفیر طارق محمد داروگ نے کہا کہ مصر پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کی حکومت رابطوں میں اضافے کے ذریعے ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہشمند ہے۔ انہوں نے خطے میں امن اور اتحاد بین المسلمین کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک میں اراکین پارلیمنٹ کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی سطح پر رابطوں میں اضافہ پاک مصر تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتاہے۔ طارق محمد داروگ نےاسلاموفوبیہ کے تدارک کے لیے مغربی ممالک میں اسلامی تعلیمات کی اشاعت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مغرب میں اسلاموفوبیہ میں اضافے کی بڑی وجہ مغربی اقوام کا اسلامی تعلیمات سے لاعلمی ہے۔ انہوں نے دنیا میں اسلام کے حقیقی اور پرامن تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے جدید ٹیکنولوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلاموفوبیہ کے خاتمے لیے مذہبی اسکالرز ، علمائ اور مشائخ کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لیے حکومت اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وبا کے پھیلاو¿ کو روکنے کے لیے عالمی سطح پر ایک مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔