فیصل آباد۔ 08 نومبر (اے پی پی):مفکر پاکستان، حکیم الامت، شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ جو 9نومبر1877کو سیالکوٹ میں پید اہوئے تھے کایوم ولادت کل( 9نومبر بروزہفتہ کو )ملک بھر میں بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔
اس موقع پر صوبائی دارالحکومت سمیت تمام ڈویژنل، ضلعی، سٹی ہیڈ کوارٹرز پر نظریہ پاکستان فاؤنڈیشن، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ، علامہ اقبال لورز فیڈریشن،اقبال اکیڈمی اور مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز، مذاکرے، مباحثے، تقریری مقابلے، بیت بازی کے پروگرامات منعقد کئے جائیں گے جن میں فلسفی شاعر کی تحریک پاکستان اور امت مسلمہ کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ یوم اقبال کی مرکزی تقریب فلسفی شاعر کے مزار پر منعقد ہو گی جہاں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا اور کیڈٹس کی تبدیلی بھی ہو گی۔
اس موقع پرنمازفجرکے بعدتمام مساجد میں قرآن خوانی کی روحانی و با برکت اور مقدس محافل بھی منعقد کی جائیں گی جن میں وطن عزیز کی سلامتی، پاکستان کی نظریاتی، جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت، اسلام کی سر بلندی، آئین و قانون کی بالادستی، غربت، جہالت، بیروز گاری، مہنگائی کے خاتمہ، انتہا پسندی، دہشت گردی سے نجات، اتحاد بین المسلمین، بین المذاہب ہم آہنگی، اخوت و یگانگت، بھائی چارے کی فضا کے فروغ، معاشی وا قتصادی استحکام، عوامی فلاح، قومی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی جائیں گی۔
اس موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر کرے گا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا جائے گا۔