اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کی صورتحال پاکستان کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے، پاکستان غزہ میں اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے لیے اپنی مکمل اور غیر واضح حمایت کا اعادہ کرتا ہے جو اسرائیلی قابض افواج کی اجتماعی سزا کی غیر انسانی مہم کا سامنا کررہے ہیں۔
جمعرت کو یہاں پریس بریفنگ میں انہوں نے اسرائیل کی اندھا دھند اور بلاامتیاز بمباری کے نتیجے میں غزہ میں 2700 بچوں سمیت 6500 سے زائد شہریوں کی ہلاکت پر گہرے رنج اور غم کا اظہار کیا۔ ترجمان نے کہا کہ ہم ڈاکٹروں، پیرامیڈیکس اور فوری امدادی خدمات دینے والوں کو سراہتے ہیں جو مشکل حالات اور ذاتی مشکلات کے باوجود اپنے ساتھی انسانوں کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم یو این آر ڈبلیو اے اور اقوام متحدہ کی دیگر تنظیموں کے صحافیوں اور کارکنوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔ ترجمان نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہلاکتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد، بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسلی تطہیر کے مطالبات کے باوجود اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جنگ بندی کا مطالبہ، غزہ کے لوگوں کو فوری ریلیف دینے اور غزہ میں قتل عام کو ختم کرنے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی ہنگامی اجلاس کا منتظر ہے اور امید کرتا ہے کہ وہ ایسا کردار ادا کرے گا جہاں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور نسلی امتیاز کے منصوبوں کی مذمت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کے حامیوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس ظلم کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کے لیے موثر اقدامات کریں اور غزہ کے محصور عوام کے لئے زندگی بچانے والی انسانی امداد کی ایک پائیدار سپلائی لائن کی حمایت کریں جس میں پانی، ایندھن، خوراک اور ادویات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ تشدد اور بمباری کی مہم پورے مشرق وسطیٰ میں نہ پھیلے اور نہ اپنی لپیٹ میں لے لے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن دو ریاستی حل اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک محفوظ، قابل عمل، متصل اور خودمختار فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، کے قیام سے ممکن ہوگا۔