مقبوضہ کشمیر ،بھارتی فوجیوں نے پلوامہ میں دو نوجوان شہید کر دیئے،جنوری میں 18کشمیری شہید کیے گئے

سرینگر ۔ یکم فروری(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع پلوامہ میں دو نوجوان شہید کر دیے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے شاہد احمد اور عنایت احمد نامی نوجوانوں کو ضلع کے علاقے درابگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ فوجیوں نے تلاشی آپریشن کے دوران علاقے میں ایک رہائشی مکان کو بھی تباہ کر دیا۔شہید نوجوانوں کو اپنے آبائی علاقوں درابگام اور آری ہل میں آزادی کے حق میں نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیا گیا۔شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں برف باری اور پابندیوں کے باوجود ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ بڑی تعداد میں لوگوںکی موجودگی کے باعث نماز جنازہ گیارہ مرتبہ ادا کی گئی۔ نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں زبردست بھارت مخالف مظاہرے کیے گئے ۔ بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ نوجوانوںکی شہادت پر پلوامہ قصبے میں آج مکمل ہڑتال کی گئی۔قابض انتظامیہ نے ضلع پلوامہ میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی ہے۔ بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کے ہاتھوں چار شہریوں کی شہادت کی 27ویں برسی پر آج ضلع بانڈی پورہ کے علاقے اجس میں بھی ہڑتال کی گئی۔ شہریوں کو 1992میں آج ہی کے دن شہید کیا گیا تھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنمائوں نے اپنے بیانات میں شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سیدعلی گیلانی نے افسوس ظاہر کیا کہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کے ہٹ دھرمانہ رویے اور اس مسئلے کو صرف اور صرف فوجی طاقت سے حل کرنے کی اسکی پالیسی کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت کا دور دورہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے اس طرز عمل کی وجہ سے خطے کا امن و استحکام بھی دائو پر لگا ہوا ہے۔ دریں اثنا حریت رہنمائوں اور کارکنوں نے جیلوں میں نظر بند کشمیریوںکی حالت زار کے خلاف آج سرینگر کے علاقوں حیدر پورہ ، مائسمہ اور نوہٹہ میںمظاہرے کیے۔ مشترکہ حریت کے زیر اہتمام مظاہروں کے شرکاء نے اس موقع پر نظر بندوں کے ساتھ قابض انظامیہ کے ناروا رویے کے خلاف نعرے لگائے اور انکی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ادھر کشمیر میڈیاسروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے آج جاری کیے جانیو الے اعداد و شمار کے مطابق بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ جنوری میں 18بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔ن شہادتوں کی وجہ سے دو خواتین بیوہ اور دو بچے یتیم ہوگئے۔بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے گزشتہ ماہ پر امن کشمیری مظاہرین پر پیلٹ گن ، گولیوں اورآنسوگیس سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کم از کم126 کشمیری زخمی ہوئے جبکہ اس عرصے کے دوران حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت 93شہریوںکو گرفتار کیاگیا ۔بھارتی فورسز نے گزشتہ ماہ 4گھروں کو تباہ کیا۔ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں آج نامعلوم افراد کی طرف سے ایک دستی بم کے حملے میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔