مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور دیگر سخت پابندیاں عائد کرنے کے اقدام کو بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنچ کر دیا گیا

70

نئی دہلی۔ 8 اگست (اے پی پی) بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور دیگر سخت پابندیاں عائد کرنے کے اقدام کو بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنچ کر دیا گیا۔ بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما تحسین پونا والا کی طرف سے دائر پٹیشن میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ اس درخواست کی فوری سماعت کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں نافذ کرفیو، فون، انٹرنیٹ اور نیوز چینلز پر پابندی سمیت تمام جارحانہ اقدامات کو واپس لینے کا حکم جاری کرے۔ پٹیشن میں مقبوضہ کشمیر کے سابق وزراءاعلیٰ محبوبہ مفتی ، عمر عبداللہ اور دیگر سیاسی رہنماﺅں کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کے احکامات جاری کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔تحسین پونا والا نے بھارتی سپریم کورٹ سے یہ درخواست بھی کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے عدالتی کمیشن کا تقرر بھی کرے۔