اسلام آباد ۔ 23 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے آزاد کشمیر کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن آزادی کشمیر کی جدوجہد میں بڑا اہم مقام رکھتا ہے اور یہ دن اس عہد کی تجدید کا بھی دن ہے کہ ہم نے اپنی جدوجہد اور کوششوں سے مقبوضہ کشمیر کے …
مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے علی امین خان گنڈاپو
اسلام آباد ۔ 23 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے آزاد کشمیر کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن آزادی کشمیر کی جدوجہد میں بڑا اہم مقام رکھتا ہے اور یہ دن اس عہد کی تجدید کا بھی دن ہے کہ ہم نے اپنی جدوجہد اور کوششوں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت اور آزادی کی نعمت سے ہمکنار کرانا ہے۔ انہوںنے کہا کہ آج ہم نے اپنے عزم کو ازسرنو تقویت دینی ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے اور پوری دُنیا میں بھارت کا بدنما چہرہ بے نقاب کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے حالیہ کرفیو کے نفاذ سمیت پرتشدد کارروائیاں ہم سے اس امر کا اور بھی تقاضا کرتی ہیں کہ ہم اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے ہر ممکن کوشش کریں۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہماری حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہے اور آج عالمی دُنیا مسئلہ کشمیرکو انسانی حقوق کی شدید تر پامالی اور علاقائی و عالمی امن کے حوالہ سے اس کی حساسیت کو اچھی طرح سمجھنا شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس مؤثر انداز سے وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی کے خطاب میں اس مسئلہ کو اُجاگر کیا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی متحرک اور مؤثر سفارتکاری کے باعث مسئلہ کشمیر آج دُنیا کے ہر فور م پر زیر بحث ہے اور عالمی دُنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کر رہی ہے۔ علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ آج عالمی رائے عامہ کشمیریوں کے حق میں تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور اسی رائے عامہ کے باعث ذاتی مفادات پر انسانی حقوق کے احترام کیلئے اہم ممالک پر دبائو میںخاطر خواہ اضافہ ہور ہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بہتر حکمت عملی سے پاکستان کو نہ صرف سفارتی محاذ پر کامیابی حاصل ہو رہی ہے بلکہ فوجی محاذپر بھی کامیابیاں عوام کے سامنے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان بھار ت کی ہر قسم کی جارحیت اورمنفی پروپیگنڈے کا بڑے مؤثر انداز سے مقابلہ کر رہا ہے اور ایل او سی پر بھارت کے حالیہ پروپیگنڈے کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے









