ملائشین ہائی کمشنر کا میرپور چیمبر کا دورہ ، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے مواقع پرتبادلہ خیال

60
ملائشین ہائی کمشنر کا میرپور چیمبر کا دورہ ، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے مواقع پرتبادلہ خیال

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر داتو محمد اظہر بن مظلان نے اقتصادی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کیلئے میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایم سی سی آئی) آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کا دورہ کیا۔ ہائی کمشنر کے ہمراہ ہائی کمیشن کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد شفیق فردوس بن حسب اللہ بھی تھے۔

ہائی کمشنر کے پہنچنے پر چیمبر کے جنرل اور ایگزیکٹو اراکین اور ایم سی سی آئی کے سابق صدور نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اے جے حکومت کے سابق وزیر چوہدری محمد سعید، ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین راجہ نوید اختر گوگا، اے جے کے چیمبر آف کامرس کے سابق صدر چوہدری صہیب سعید اور میرپور کے میئر چوہدری عثمان خالد بھی موجود تھے۔

ہائی کمشنر نے پاکستان کی حکومت اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی زراعت پر توجہ کو سراہا اور کہا کہ اس شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ایم سی سی آئی کے صدر عمر شہزاد نے دونوں اطراف کے تاجروں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی۔ ایم سی سی آئی کے صدر نے اے جے کے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پر روشنی ڈالی اور تمام مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہا۔

ملائشیا کے ہائی کمشنرداتو محمد اظہر نے میرپور چیمبر کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پام آئل، ربڑ، ٹیکنالوجی، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات کی۔دورے کےاختتام پر دونوں اطراف کے درمیان تحائف کا تبادلہ کیا گیا۔ اس موقع پر علی رضا سید اور میرپور ڈسٹرکٹ بار کے حال ہی میں منتخب ہونے والے صدر ایڈووکیٹ محمود حسین بھی موجود تھے۔