ملتان۔ 23 ستمبر (اے پی پی):ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) ریجن میں جاری بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران7افرادکو بجلی چوری کرتے ہوئے موقع سے گرفتارکرلیاگیا۔ ڈائریکٹر کمرشل میپکو اسد حماد کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر میپکو ٹیموں نے پولیس کے ہمراہ آپریشن کے د وران میپکو ریجن کے 9آپریشن سرکلوں میں کارروائی کرکے 150بجلی چور پکڑ لیے جس میں سے 7صارفین کو موقع پر سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑلیا ۔اس طرح گرفتارہونے والے بجلی چوروں کی تعداد686ہوگئی۔
میپکو ترجمان کے مطابق میپکو ٹیموں نے گزشتہ16دنوں کے دوران 10ہزار395بجلی چورپکڑ کر3888مقدمات درج کروائے۔میپکو نے بجلی چوروں کو مجموعی طورپر29کروڑ51روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔اس کے علاوہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں ریکوری مہم کے دوران ایک روز میں نادہندگان سے 13کروڑ روپے کی رقم بھی وصول کی گئی۔میپکو ترجمان کے مطابق میپکو کے ہزاروں رننگ اورمستقل نادہندگان سے وصولیاں ایک ارب روپے سے تجاوز کرگئی ہیں۔
میپکو ٹیموں نے نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے قصبہ مڑل میں حسین ملزیونٹ سے1کروڑ70لاکھ روپے،بہاولپور میں 27لاکھ66ہزار روپے کے نادہندہ پرویز آفس فیکٹری کو سربمہر کردیا جبکہ پرویزآفس فیکٹری کے مالک کے نام سے شہر کے مختلف علاقوں میں نصب ورکشاپ اور گھر کے بجلی کے کنکشن بھی منقطع کردیئے گئے۔ اس کے علاوہ خانقاہ شریف سب ڈویژن بہاولپور میں بھی 33لاکھ روپے کے 2نادہندگان کے ٹرانسفارمرز اتارلئے گئے