ملتان شہر کے اہم چوکوں کی بحالی ، خوبصورتی کے اقدامات جاری ہیں،ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی

منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن نے کہا ہے کہ شہر کے اہم چوکوں کی بحالی اور خوبصورتی کے لئے عملی اقدامات جاری ہیں,

ملتان۔ 04 جون (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن نے کہا ہے کہ شہر کے اہم چوکوں کی بحالی اور خوبصورتی کے لئے عملی اقدامات جاری ہیں, وزیراعلیٰ پنجاب کے گرین وژن کے تحت ملتان کو مزید سرسبز اور خوبصورت بنایا جارہا ہے۔ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بہاولپور بائی پاس چوک کی ازسر بحالی کا فیصلہ کیا ہے، جہاں نجی کمپنی کے تعاون سے بیوٹیفیکیشن، شجرکاری اور دیگر تزئین و آرائش کے کام کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ حرم گیٹ چوک پر بھی بیوٹیفیکیشن ورک اور شہریوں کیلئے سٹنگ ایریا قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی سید وسیم حسن نے بہاولپور بائی پاس چوک کا دورہ کیا اور جاری منصوبے کے حوالے سے بریفنگ لی۔

بعدازاں انہوں نے حرم گیٹ چوک کی خوبصورتی کے حوالے سے ایم ڈی اے، والڈ سٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران سے ملاقات کی۔اس موقع پر سید وسیم حسن نے کہا کہ شہر کے معروف چوکوں کو مونومنٹس، شجرکاری اور خوبصورت ڈیزائن کے ذریعے جدید انداز میں بحال کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف اداروں کے تعاون سے حرم گیٹ اور اس کے اطراف کو بھی خوبصورت بنایا جائے گا جبکہ شہر بھر میں شجرکاری اور پینٹ ورک کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کمشنر ملتان کی سربراہی میں شہر کو گرین اور خوبصورت بنانے کیلئے تمام ادارے متحرک ہیں، شہریوں کو صاف، سرسبز اور دلکش ماحول کی فراہمی کیلئے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔