ملتان ڈویژن کے9لاکھ سے زیادہ نادار افراد کے گھروں میں راشن بیگز پہنچائے جائیں گے،کمشنر

114
Commissioner Multan Division Maryam Khan
Commissioner Multan Division Maryam Khan

ملتان۔ 29 فروری (اے پی پی):کمشنرملتان ڈویژن مریم خان نے کہا ہے کہ ملتان ڈویژن کے9لاکھ سے زیادہ نادار افراد کے گھروں میں راشن بیگز پہنچائے جائیں گے۔تمام فوڈ آئٹمز کی کوالٹی چیکنگ کا ٹاسک فوڈ اتھارٹی کو سونپا گیا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے رمضان پیکج کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ مریم خان نے مزید کہاکہ رمضان پیکج کی آگاہی کے لیے مساجد میں اعلانات کرائے گئے ہیں جبکہ بڑے پیمانے پر آگاہی کا کام شروع کیا جاچکاہے۔

کمشنرملتان نے کہاکہ تمام راشن بیگز پر کیو آر کوڈ، شناختی کارڈ سے سکین کرکے متعلقہ فرد کو دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ متعلقہ فرد کی عدم موجودگی یا کسی بھی دقت کے باعث اسسٹنٹ کمشنر دفتر سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان راشن پیکج میں 10 کلو آٹا، 2 کلو چینی، 2 کلو بیسن، 2 کلو گھی، 2 کلو چاول میں شامل ہیں۔ مریم خان نے مزید بتایا کہ ضلع ملتان میں 3لاکھ37ہزا ر138 افراد، ضلع خانیوال میں 2لاکھ16ہزار765 نادار افراد کو راشن انکے گھر پہنچایا جائے گا۔

اس کے علاوہ ضلع وہاڑی میں 2لاکھ 34ہزار169جبکہ لودھراں میں 1لاکھ36ہزار840 افراد سکیم سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اسسٹنٹ کمشنر دفتر میں اس حوالے سے تمام ریکارڈ مرتب کیا جائے گا جبکہ مکمل سکیم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے گا۔