ملتان کے ہوائی اڈے سے حج آپریشن کا آغاز،چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نےعازمین کو ائیر پورٹ سے الوداع کہا

Chairman Senate Syed Yusuf Raza Gilani

ملتان۔ 09 مئی (اے پی پی):پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 0712 سے 149 عازمین حج جمعرات کے روزحجازمقدس کیلئے روانہ ہوئے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نےعازمین کو ملتان ایئرپورٹ سے روانہ کیا۔اس موقع پرعازمین سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ خطے میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قیام کے بعد گزشتہ نو سال سے جنوبی پنجاب بھرسے ہرسال ہزاروں عازمین یہاں سے رخصت ہورہے ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آپ پاکستان کے سفیربن کرحجازمقدس جا رہے ہیں اوروہاں پہنچ کر بہترین ڈسپلن کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس سال 13 ہزار سے زائد عازمین ملتان ایئرپورٹ سے سعودی عرب کیلئے روانہ ہورہے ہیں اوراس سلسلے میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس،ایف آئی اے،سول ایوی ایشن اتھارٹی سمیت تمام متعلقہ اداروں کی محنت اورکاوشیں لائق تحسین ہیں۔

چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ہماری پولیس،تمام فورسز اور باالخصوص فوج کے جوان ہماری حفاظت کےلئے دن رات دہشت گردوں سے نبرد آزما ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے عوامی اورملکی مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں۔ہمیں انکو بھی دعاؤں میں یاد رکھنا چاہیے۔فلسطین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں کے نہتےعوام اورمعصوم بچوں پرہونے والے ظلم کی کہیں مثال نہیں ملتی۔ جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عازمین نے اے پی پی سے بات کرتے ہوئے گذشتہ برس کی نسبت اس سال حج کےلئے کئے گئے انتظامات اوراقدامات کی تعریف کی۔

اس موقع پرڈائریکٹرحج ریحان کھوکھر نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ فریضہ حج ادا کرنے والوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے بتایا کہ ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 26 فلائٹس کے زریعے عازمین حج کو جدہ اورمدینہ منورہ پہنچایا جائیگاحج آپریشن 8 جون تک جاری رہے گا