مری۔ 02 جون (اے پی پی):ملکہ کوہسارمری کو پلاسٹک فری بنانے کی مہم کاآغاز کر دیاگیا ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے وژن کے مطابق پنجاب بھر کو پلاسٹک فری بنانے کا آغاز ملکہ کوہسار مری سے کر دیا گیا ہے اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ نے پہلے مرحلہ میں مال روڈ کو پلاسٹک فری بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیرعباس شیراز ی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مری کیپٹن(ر)شہریارشیرازی،اسسٹنٹ کمشنر مری کیپٹن(ر) عبدالوہاب خان اورمولانا قاری سیف اللہ سیفی کی قیادت میں عوام میں پلاسٹک بیگز کے ماحول کیلئے خطرات اورشعور کی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔
اس دوران مال روڈ کے تاجروں اور سیاحوں کوپلاسٹک کے متبادل فری بیگ بھی تقسیم کیے گئے،وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر پنجاب بھر میں 5 جون 2024 سے پلاسٹک بیگزپر پابندی عائد کی جارہیں ہے جسکا باقاعدہ آغاز آج سے ہی ملکہ کوہسار مری سے کر دیا گیا۔
آگاہی واک میں عوام،میڈیا کے نمائندوں، سیاحوں،کاروبای حلقوں اور سول سوسائٹی نے بھر پور شرکت کی،قبل ازیں جناح ہال مری میں اجلاس ڈپٹی کمشنر مری آغاظہیر عباس شیراز ی کی صدرات میں منعقد کیا گیا جس میں ضلعی انتظامیہ، تحصیل انتظامیہ، مری کے سٹیک ہولڈرز،مرکزی انجمن تاجران کے عہدیداروں،،علماء کرام اور فلاحی تنظیموں نے کثیر تعداد میں شرکت کی جس میں شاپنگ بیگز کے ماحول کے نقصانات اورصفائی متاثر ہونے کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی گئی، پلاسٹک فری بیگز کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔