راولپنڈی۔20فروری (اے پی پی):ملکہ کوہسار مری کے مختلف مقامات پر بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، محکمہ موسمیات نے مری میں 21 فروری تک وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ بارش اور برفباری کے دوران الرٹ ہے،مختلف شاہراہوں پر نمک کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ شاہراہوں کو مکمل طور پر کلیئر رکھا جائے اور فرائض کی ادائیگی کے لیے بارش اور برفباری کے دوران فیلڈ میں موجود رہیں۔
انہوں نے کہا کہ سہولت مراکز سیاحوں کی مدد اور رہنمائی کے لیے مکمل طور پر فعال ہیں،سیاح ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد کے لیے ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔ ڈی سی مری کی ہدایت پر سہولت مراکز میں تعینات عملے کو گرم ضروری ساز وسامان اور خشک میوہ جات مہیا کیے گئے۔