اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت ڈیجیٹل والٹس کے قیام کو اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی پوری اکانومی کو کیش لیس اکانومی بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، کیش لیس معیشت سے کرپشن اور استحصال کا خاتمہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو بی آئی ایس پی کے تحت مستحقین کے لئے ایک کروڑ ڈیجیٹل والٹس کے قیام اور مفت موبائل سمز کی فراہمی کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزرا، ارکان اسمبلی، بین الاقوامی شراکت دار اور متعلقہ حکام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہا کہ بی آئی ایس پی میں جدت شہید بے نظیر بھٹو کے وژن کی عکاس ہے، بی آئی ایس پی ملک سے غربت اور بیروزگاری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بی آئی ایس پی کو کامیاب پروگرام بنانے میں سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری بی آئی ایس پی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل والٹس کے قیام اور مفت موبائل سمز کی فراہمی کے لئے متعلقہ بینکوں، نادرا، آئی ٹی حکام اور بین الاقوامی شراکت داروں نے جو کاوشیں کیں وہ لائق تحسین ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس پروگرام کے اجرا سے شفاف طریقہ کار کے ذریعے کم سے کم وقت اور قطاروں میں لگنے کی زحمت اٹھائے بغیر مستحقین کو گھر بیٹھے رقم کی ادائیگی ممکن ہو سکے گی، بی آئی ایس پی صحیح معنوں میں غربت اور بیروزگاری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رمضان المبارک میں پہلی مرتبہ بی آئی ایس پی کے مستحقین میں رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کی گئی، کیش لیس معیشت کے حوالے سے ہر ماہ دو بار خود اجلاس کی صدارت کرکے اقدامات کا جائزہ لے رہا ہوں، کیش لیس معیشت آج کے دور کی اہم ضرورت ہے اور یہ کرپشن اور استحصال کے خاتمے میں معاون ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بی آئی ایس پی کے مستحقین کے لئے تعلیم اور صحت سے متعلق اقدامات کو 4 ماہ میں مکمل کیا جائے، بچوں کی لازمی تعلیم اور حفاظتی ٹیکے بی آئی ایس پی کے مستحقین کے لئے لازمی شرط قرار دی جائے۔ قبل ازیں وزیراعظم نے اس پروگرام کا کمپیوٹرائزڈ افتتاح کیا۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ یہ پروگرام کیش لیس معیشت کی جانب اہم قدم اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کا عکاس ہے، اس پروگرام کا مقصد خواتین کو بااختیار بنا کر قومی ترقی کی دوڑ میں شامل کرنا ہے، ڈیجیٹل والٹس کے قیام سے یہ پروگرام ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر احمد علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے پروگرام میں شفافیت لانے اور شکایات کا خاتمہ کرنے کے لئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام شروع کرنے کی ہدایت کی تھی، اس نظام کے اجرا سے ملک بھر میں ایک کروڑ مستحق خواتین کے ڈیجیٹل والٹس ان کے شناختی کارڈ نمبر پر قائم کئے جا رہے ہیں، دوسرے مرحلے میں ایک کروڑ موبائل فون سمز کا اجرا ہوگا، حیدر آباد، سکھر اور رحیم یار خان سے سمز کی تقسیم کا آغاز کیا جا رہا ہے، مستحقین کو ڈیجیٹل والٹس کے قیام سے لمبی قطاروں، کٹوتیوں، استحصال اور کرپشن کی شکایات سے نجات ملے گی اور انہیں امداد کی رقم ان کے اکاؤنٹس میں براہ راست فراہم کی جائے گی۔