ملکی برآمدات میں دسمبر کے دوران 16.7 فیصد اضافہ ہوا، حجم 2 ارب 76 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا،مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد

48

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤدنے کہاہے کہ دسمبر کے دوران پاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر(دسمبر 2020 کے مقابلے میں)16.7 فیصد اضافہ ہوا،برآمدات کا حجم 2 ارب 76 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا،گزشتہ سال دسمبر میں 2 ارب 36 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ رواں مالی سال دسمبر میں برآمدات کا ہدف 2 ارب 80 کروڑ ڈالر تھا ،رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں برآمدات میں مجموعی طور پر 25 فیصد کا اضافہ ہوا۔

مشیر تجارت نے کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 15 ارب 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی برآمدات ہوئیں اورگزشتہ مالی سال اسی عرصے میں برآمدات کا حجم 12 ارب 11 کروڑ ڈالر رہا تھا۔ انھوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں برآمدات کا ہدف15 ارب ڈالر رکھا گیا تھا۔