اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی حالات آہستہ آہستہ بہتری کی طرف گامزن ہیں ، ہماری معاشی حکمت عملی کے باعث مہنگائی میں واضح کمی آ رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پی ایم ایل (ن) سندھ کے اجلاس کے دوران میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میں وفاقی وزیر ہونے کے ساتھ پارٹی کا سیکرٹری بھی ہوں، آٹھ ماہ مشکلات کے خاتمے میں گزر گئے، ملکی حالات آہستہ آہستہ بہتری کی طرف گامزن ہیں۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ہماری معاشی حکمت عملی کے باعث مہنگائی میں واضح کمی آ رہی ہے، ملک کے تمام معاشی اشاریے مثبت رجحان دکھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سازش کے تحت لسانی تفریق میں الجھایا جا رہا ہے،گلگت بلتستان اور بلوچستان میں قومیت اور لسانیات کے فروغ سے ملک کو کمزور کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ قائداعظم نے لندن سے واپس آ کر الگ وطن کے لیے 17 خطوط لکھے، جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے معاشی مستقبل کے لیے آزاد ملک وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نظریے میں معاشی ترقی کا تصور بھی شامل تھا، 1999 میں ہم جنوبی ایشیا میں سب سے آگے تھے، آج افسوس کے ساتھ سب سے پیچھے ہیں، پاکستان کو آئندہ 23 سالوں میں ترقی کی سپرٹ کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی مسلم لیگ اقتدار میں آئی ملک نے ترقی کی، تمام ادوار ایک طرف رکھیں مسلم لیگ ن کے اقتدار کے دوران ترقیاتی منصوبوں کا کوئی مقابلہ نہیں، پاکستان مسلم لیگ کا نظریہ ملک کے مضبوط مستقبل کی ضمانت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ کے عہدیداروں اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہر طرح کے حالات میں کارکنان نے مسلم لیگ کا پرچم سرنگوں نہیں ہونے دیا۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ صوبہ سندھ میں پارٹی قیادت اور کارکنان مسلم لیگ (ن) کے بہتر تشخص کو اجاگر کریں،سندھ میں بھی مسلم لیگ (ن) کو موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں شکایات کے ازالے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے،صوبے میں مسلم لیگ (ن) کو اہمیت دی جانی چاہیے اور ان کے مسائل حل کیے جانے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 30 دسمبر کو مسلم لیگ (ن) کا یومِ تاسیس ہے اسے بھرپور انداز میں منائیں، ثابت کریں کہ سندھ میں بھی مسلم لیگ (ن) مضبوط جماعت ہے۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ کراچی کے لیے مسلم لیگ (ن) کی بے شمار خدمات ہیں، اس کا امن بحال کر کے مسلم لیگ (ن) کے قائد نے وعدہ پورا کیا۔\932