پشاور۔ 03 دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ ملکی صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے بزنس کمیونٹی کو تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوہاٹ کے مرکزی بازار کے اچانک دورہ کے دوران کیا۔گورنرحاجی غلام علی کی کوہاٹ کے مشہور کنگ بازار اچانک آمد پر تاجر برادری، عوام سمیت علاقہ مکینوں نے خوشی کا اظہار کیا۔گورنر کوہاٹ کے مرکزی بازار کنگ گیٹ میں پیدل گھومتے رہے، دکانداروں و تاجروں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی کیں اوردکانداروں، تاجر برادری سے مسائل و مشکلات سے متعلق آگاہی بھی حاصل کی۔
بعدازاں گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی کوہاٹ کنگ گیٹ بازار آمد نے ایک جلوس کی شکل اختیار کر لی۔بازار میں موجود عوام، علاقہ مکینو ں، بچوں اور تاجر برادری نے گورنر کے ساتھ تصاویر بنوائیں، گل پاشی کی، ہار پہنائے ۔تاجر اور علاقہ مکینوں نے اچانک بازار میں عام آدمی کیطرح دیکھ کر دلی مسرت ہوئی ہے، بازار میں عام آدمی کیطرح گھل مل جانا مضبوط عوامی روابط کی عمدہ مثال ہے۔
گورنر نے اپنے دورے کوہاٹ کیساتھ کوہاٹ چیمبر کے زیر اہتمام تقریب میں بھی شرکت کی،تقریب میں صدر چیمبر ارشد حیات، بانی رکن رشید پراچہ و دیگر عہدیداروں کیجانب سے گورنر حاجی غلام علی کا شاندار استقبال کیاگیا،تقریب میں گورنر کو چیمبر عہدیداروں نے ملکی صنعت کی ترقی، بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔
گورنرحاجی غلام علی نے کوہاٹ چیمبر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی ملکی صنعت کی ترقی سے جڑی ہے، موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ کاروباری طبقہ کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں، وفاق وصوبائی حکومتیں، عسکری قیادت ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے پرعزم ہیں، ملکی صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے بزنس کمیونٹی کو تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوہاٹ نئی اورپرانی تہذیب وثقافت کا گہوارہ ہے، کوہاٹ کی سیاسی، ثقافتی، مذہبی، علمی، ادبی، تہذیبی اور تمدنی تاریخ بہت پرانی ہے، عمل سے پہچان بنتی ہے پہچا ن سے عزت بنتی ہے اور عزت ہی انسان کی طاقت ہوتی ہے، عوام کوملک و قوم کا عزت و وقار بلند کرنا ہے اوربرداشت، تحمل اور رواداری کو فروغ دینا ہوگا،اخوت اور یگانگت کو فروغ دے کر طبقاتی کشمکش کا خاتمہ کرنا ہوگا۔