ملکی معاشی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا اہم کردار ہے، ہم نے ہمیشہ ان کے مسائل کے حل پر زور دیا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی پی ٹی آئی ڈنمارک کے صدر سے گفتگو

ملکی معاشی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا اہم کردار ہے، ہم نے ہمیشہ ان کے مسائل کے حل پر زور دیا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی پی ٹی آئی ڈنمارک کے صدر سے گفتگو

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے پاکستان تحریک انصاف ڈنمارک کے صدر چوہدری عمران محبوب نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی اور موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال اور اہم پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی قومی معاملات میں دلچسپی اور ملک میں صاف و شفاف نظام کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا اہم کردار ہے، آج ہمارے سفارت خانے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے پرعزم ہے۔

پی ٹی آئی ڈنمارک کے صدر چوہدری عمران محبوب نے کہا کہ امریکا اور یورپ سمیت اوورسیز پاکستانیوں میں وزیراعظم عمران خان مقبول ترین شخصیت ہیں، بیرون ملک پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی ترقی کے لیے پرامید ہیں۔