فیصل آباد۔ 25 جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرزایسوسی ایشن ( پٹیا)نے کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی ترقی و معاشی استحکام کےلئے ٹیکسٹائل سیکٹر کو گیس و بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنا ئی جائے تاکہ وہ صنعتی،تجارتی ، کاروباری اور برآمدی میدان میں اپنی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لا کر ملکی معیشت کی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کر سکے ۔
پٹیا کے قائد سہیل پاشانے ایک بیان میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ملکی معیشت میں اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی صنعتی پیداوار کا 60 فیصد ٹیکسٹائل سے حاصل ہوتا ہے ، 40 فیصد افرادی قوت کو روزگار فراہم کرنے اور ملک کےلئے 50 فیصد زرمبادلہ کمانے والی یہ صنعت معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی خوشحالی کےلئے ٹیکسٹائل کی صنعت کو رواں دواں رکھنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کےساتھ ترجیحی سلوک کرتے ہوئے برآمدکنندگان کو برآمدی پالیسی کے مطابق مراعات دی جائیں تاکہ اس شعبے کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=433122