
اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود نے کہا ہے کہ ملکی معیشت تیزی سے بہتری کے طرف گامزن ہے، حکومت کی کوششوں سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اصلاحات لائی گئیں جس سے ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا ہے۔
بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کے پیش نظر ایف بی آر نے بھر پور اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہآئندہ چار ماہ میں ملک میں معاشی سرگرمیوں میں مزید بہتری آئے گی،ایف بی آر رواں سال ٹیکس اہداف حاصل کرے گا جنوری میں ٹیکس وصولی میں تقریبا 13 فیصد اضافہ ہوا ہے، معیشت میں بہتری کے ثمرات بہت جلد عام آدمی تک پہنچیںگے۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ موجودہ دور میں غیر ملکی سرمایہ کار براہ راست سرمایہ کاری کر رہے ہیں جس سے ٹیکس محصولات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وقار مسعود نے کہا کہ حکومت کی طرف سے منی بجٹ لانے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ،آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا تاکہ معیشت کا پہیہ آسانی سے چلتا رہے۔
شوگر ملوں میں ٹیکس چوری کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے ٹیکس چوری روکنے کے لئے شوگر ملز سمیت مختلف مینوفیکچرنگ یونٹس میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لئے آئی ٹی ٹولز پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، ایف بی آر کا ہدف ملک میں ٹیکس محصولات بڑھانا ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بڑی رقوم کے لین دین اور خریداری دوران شناختی کارڈ ضرور استعمال کرنا چاہئے،ایف بی آر نے پہلے ہی 50 ہزار سے زیادہ خریداری کرنے پر قومی شناختی کارڈ دکھانے کی شرط کو لازمی قرار دیا ہوا ہے ، اس شرط سے ناقابل تصدیق اور جعلی کاروبار کرنے والوں کا پتہ چلتا ہے اور سیلز ٹیکس کے نقصان سے بچا جاسکتا ہے۔