ملکی معیشت مشکلات کاشکارہے لیکن بہتری کی امیدہے،کچھ لوگوں کوملک کے دیوالیہ ہونے کاشوق ہے لیکن ایسا نہیں ہوگا،وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار

173
چین کے تعاون سے پاکستان مشکل دورسے نکل آیاہے، وزیرخزانہ اسحاق ڈارکا بینک آف چائنا کی برانچ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ ملکی معیشت مشکلات کاشکارہے لیکن بہتری کی امیدہے،کچھ لوگوں کوملک کے دیوالیہ ہونے کاشوق ہے لیکن ایسا نہیں ہوگا، جولوگ ملک کے دیوالیہ ہونے کی تاریخیں دے رہے ہیں انہیں شرم آ نی چاہئیے، کاروباری طبقے کے جائز مطالبات کونہ صرف تسلیم کریں گے بلکہ سہولیات بھی دی جائیں گی۔

ہفتہ کویہاں کراچی ایوان صنعت وتجارت کے وفد سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک مشکل اقتصادی صورتحال اورچیلنجوں کا سامنا کررہاہے مگر تمام شراکت داروں کے تعاون سے ان مسائل پرقابو پالیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ 2013 میں بھی ملک کواسی طرح کی چیلنجوں کاسامنا تھا اوراس وقت بھی ملک کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کی جارہی تھی تاہم اس وقت بھی مسلم لیگ ن کی قیادت نے تاجروں اورصنعت کاروں سمیت شراکت داروں کی معاونت سے چیلنجوں پرقابو پایا اورپاکستان کی معیشت دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بن گئی، ملک کے تمام معاشی اشاریے بہتری کی عکاسی کررہے تھے جسے بدقسمتی سے گزشتہ ساڑھے چار برسوں میں 47 ویں معیشت بنادیاگیا۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ جوبھی وعدے کئے جائے وہ پوری ہوں، ملکی معیشت مشکلات کاشکارہے لیکن بہتری کی امیدہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ کچھ لوگوں کوملک کے دیوالیہ ہونے کاشوق ہے لیکن ایسا نہیں ہوگا، جولوگ ملک کے دیوالیہ ہونے کی تاریخیں دے رہے ہیں انہیں شرم آ نی چاہئیے۔پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا، پاکستان نے اپنے تمام بیرونی ادائیگیوں کویقینی بنایاہے اورکسی قسم کی ادائیگی میں کوئی تاخیرنہیں کی گئی، پاکستان ایک خودمختارملک ہے اگرہم پرقرضہ ہے توہمارے ایک ٹریلین ڈالر سے زیادہ کے اثاثے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کوپائیدارنمو اوراستحکام کی راہ پرگامزن کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، کوشش ہے کہ عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کی جائے، قیمتوں میں استحکام کیلئے کام ہورہاہے، گزشتہ دنوں میں دوبار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی گئی، اسی طرح ایل پی جی اورخوردنی تیل کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ ملک میں سیاسی عدم استحکام سے معیشت کمزورہوتی ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیرسے مشکلات ہوں گی،

گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ کئے گئے وعدوں کوتوڑا جس سے پاکستان کیلئے مشکلات پیداہوئیں، ہم نے مشکل مگردلیرانہ فیصلے کئے مگرہمارے لئے ملک اورریاست اہم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ زراعت سمیت کئی شعبوں میں بہتری آرہی ہے، ہم آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں بھی بہتری لارہے ہیں، انہوں نے کہاکہ کاروباری طبقے کے جائز مطالبات کونہ صرف تسلیم کریں گے بلکہ سہولیات بھی دی جائیگی۔ملکی معیشت میں بہتری کیلئے بجٹ کے بعد بھی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

کراچی ایوان صنعت وتجارت کے وفد نے بجٹ تجاویز پرغورکرنے پروزیرخزانہ کاشکریہ اداکیا اورحکومت کو تاجربرادری کی طرف سے مکمل تعاون کایقین دلایا۔دریں اثناء پاکستان بزنس کونسل اوراورسیز چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ مجھے اللہ سے امید ہے کہ ہم مشکل مرحلے سے نکلیں گے، ہم نے معاشی زوال کو روکا ہے اوراب معیشت کواستحکام کی راہ پرگامزن کررہے ہیں۔ ہم بجٹ میں تاجروں اورسرمایہ کاروں کی حقیقت پسندانہ تجاویز کوشامل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ توانائی،گیس اورمالیاتی شعبہ میں اصلاحات ایک مشکل مرحلہ تھا مگرہم نے مشکل فیصلے کئے جس کی ہم نے سیاسی قیمت بھی اداکی ہے۔