لاہور۔23اپریل (اے پی پی):وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی لاہورپروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں بہتری کیلئے ایجادات اور اختراعات کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا،ہمیں نوجوانوں کو صرف ڈگریاں نہیں دینی بلکہ کارآمد گریجویٹس بنانا ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (اورک) کے زیر اہتمام دوروزہ دسویں انوویشن ٹوانوینشن سمٹ 2025 کی افتتاحی تقریب سے الرازی ہال میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین سائنس فائونڈیشن ڈاکٹر اکرم شیخ، پرووائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمود، چیف ایڈوائزریو ایم ٹی پروفیسر ڈاکٹر عابد ایچ کے شیروانی سمیت محققین،دیگر جامعات سے اساتذہ و طلباطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ ہمیں اپنے مسائل کا پتا ہونا چاہیے تاکہ اس کا سدباب کیاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گندم کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے جو کھاد اور یوریا پہلے استعمال ہوتی تھی آج بھی وہی استعمال ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں 90فیصدزمین پرگھر بن چکے ہیں جبکہ 10فیصد زرعی زمین رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے شہروں کو زندگی کی بنیادی ضروریات فراہم کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے گلوبل انڈیکس انوویشن میں اضافے کیلئے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔
پروفیسرڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پاکستانی جامعات میں ہر سال کئی پی ایچ ڈی سکالرز پیدا ہورہے اس کے باوجود ہم انوویشن میں دنیا سے بہت پیچھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کی نسبت اس سال پنجاب یونیورسٹی اورک کے زیر اہتمام سمٹ میں تحقیقی مقالوں، پوسٹرز،ٹیکنالوجیز کے سٹال کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جو آئندہ سال اس سے بھی بہترہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586715